بی سی طبقات کے حقوق کے لیے ہنمنت راؤ کی 9مئی سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال

   

وزیراعظم کی آمد سے ایک دن قبل احتجاجی منصوبہ، مردم شماری میں بی سی زمرہ کی شمولیت کا مطالبہ

حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور حکومت کے مشیر برائے پسماندہ طبقات وی ہنمنت راؤ نے بی سی طبقات کی مردم شماری کا مطالبہ کرتے ہوئے 9 مئی سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی حیدرآباد آمد سے ایک دن قبل ہنمنت راؤ بھوک ہڑتال شروع کرتے ہوئے مردم شماری میں او بی سی طبقات کی تفصیلات کو شامل نہ کرنے پر اپنا احتجاج درج کرائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی سی طبقات کی مردم شماری کا تیقن دیئے جانے تک بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کو 8 مئی سے قبل اپنے موقف کی وضاحت کرنا چاہئے اور وزیراعظم 10 مئی کو دورہ حیدرآباد سے قبل بی سی مردم شماری کا اعلان کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ نریندر مودی خود کو او بی سی طبقہ کا قرار دیتے ہیں لیکن اُنھیں او بی سی طبقات سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ اعلیٰ طبقہ سے تعلق کے باوجود راہول گاندھی ملک میں سماجی انصاف کی جدوجہد کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ نریندر مودی دور حکومت میں مہنگائی اور بیروزگاری کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی سی طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لئے وہ اپنی جان قربان کرنے بھی تیار ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مردم شماری کے دوران جو تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں اُن میں او بی سی طبقات کا زمرہ موجود نہیں ہے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے دستور میں تمام طبقات کو حقوق فراہم کئے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ پسماندہ طبقات کو محض ووٹ بینک میں تبدیل کردیا گیا ہے اور اُن کے حقوق کی جدوجہد سے کسی کو دلچسپی نہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پسماندہ طبقات باشعور ہوچکے ہیں اور وہ مردم شماری میں بی سی تفصیلات کی شمولیت تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ بی سی طبقات کے حقوق کے لئے وہ نریندر مودی کی آمد سے ایک دن قبل بھوک ہڑتال کا آغاز کررہے ہیں۔ بی سی طبقات کی تنظیموں نے ہنمنت راؤ کی بھوک ہڑتال کی تائید کی ہے۔V/Y/I/1