نئی دہلی۔ وزیر خارجہ ایس۔ جئے شنکر نے جمعرات کو کہا کہ حکومت جلد ہی ایک نیا بل لائے گی تاکہ ملازمت کے لیے بیرون ملک جانے والے ہندوستانی شہریوں کو دھوکہ دہی کے ایجنٹوں سے بچایا جا سکے۔جے شنکر نے راجیہ سبھا میں ضمنی سوالات کے جواب میں یہ جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ موجودہ ایمیگریشن ایکٹ 1983 کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے ایک نیا قانون ایمیگریشن بل 2022″ متعارف کرانے کے عمل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ قانون دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کی محفوظ اور قانونی نقل مکانی کو فروغ دینے اور انہیں غیر قانونی بھرتی کرنے والے ایجنٹوں کے دھوکہ دہی سے بچانے میں مدد دے گا۔جے شنکر نے کہا کہ وزارت خارجہ نے نئے امیگریشن بل کا مسودہ تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ریکروٹمنٹ ایجنٹس اور ایجنسیاں بنیادی طور پر بڑے شہروں میں مرکوز تھیں، جو نوجوانوں کے غیر قانونی چینلز کا شکار ہونے کی سب سے بڑی وجہ تھی۔