برلن : سابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے سیاست سے دست بردار ہونے کے ایک برس بعد کرائے گئے سروے کے مطابق جرمنوں کی اکثریت انہیں دوبارہ ان کے عہدے پر واپس دیکھنا نہیں چاہتی۔ فْنکے میڈیا گروپ کے لیے سیوے انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے ہفتہ 26 نومبر کو جاری کردہ ایک سروے کے نتائج کے مطابق جرمنوں کی واضح اکثریت نہیں چاہتی ہے کہ انجیلا مرکل چانسلر کے عہدے پر دوبارہ فائز ہوں۔ سروے میں حصہ لینے والے افراد میں سے تقریباً71 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ بزرگ سیاست داں دوبارہ اپنے سابقہ عہدے پر فائز ہوں۔ جرمن چانسلر کے عہدے پر 16 برس تک فائز رہنے کے بعد مرکل گزشتہ برس انتخابات کے بعد اپنے عہدے سے دست بردار ہو گئی تھیں۔ سروے میں حصہ لینے والوں میں سے تقریباً 43 فیصد کا تاہم کہنا تھا کہ ان کے خیال میں مرکل نے موجودہ چانسلر اولاف شولس کے مقابلے میں اپنی ذمہ داریاں کہیں زیادہ بہتر طور پر انجام دی تھیں۔ البتہ 41 فیصد افراد کا خیال اس کے برعکس تھا اور 16 فیصد نے اس موضوع پر کوئی رائے نہیں دی۔