بیٹیوں کے بزنس پارٹنر پر ای ڈی کے دھاوے،سنجے راوت برہم

   

ممبئی : شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے اپنی بیٹیوں کی وائن کمپنی میں شراکت دار کے یہاں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی چھاپہ ماری کو سیاست سے متاثر قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی ایجنسی سیاسی ہدف حاصل کرنے کے لیے جھوٹ بولتی ہے تو اسے بھگتنا بھی ہوگا۔ای ڈی نے گزشتہ دنوں شیوسینا لیڈر سنجے راوت کی بیٹیوں کے پارٹنر سجیت پاٹکر کے گھر پر چھاپہ ماری کی تھی۔ اس سلسلے میں پیر کے روز سنجے راوت نے کہا کہ ’’انھیں (ای ڈی) چھاپہ ماری کرنے دیں۔ میں ان کا استقبال کروں گا۔ بس جھوٹ مت بولو، ورنہ وہ بھگتیں گے۔ اگر کوئی ایجنسی سیاسی ہدف حاصل کرنے کے لیے جھوٹ بولتی ہے تو اسے بھگتنا ہوگا۔ میں بتانا چاہوں گا کہ اس غیر قانونی جانچ کی وجہ سے افسران سے لے کر وزیر تک سبھی جیل گئے ہیں۔‘‘دراصل ای ڈی کی ٹیم نے جمعرات کو شیوسینا لیڈر سنجے راوت کی بیٹیوں کے پارٹنر سجیت پاٹکر کے گھر پر چھاپہ ماری کی تھی۔ تقریباً 1034 کروڑ روپے کے زمین گھوٹالے کے معاملے میں سجیت پاٹکر کے احاطوں پر چھاپہ ماری کے بعد سنجے راوت کی بیٹیاں ای ڈی کی جانچ کے دائرے میں آگئی ہیں۔ سجیت پاٹکر راوت کی بیٹیوں کے کاروبار میں پارٹنر ہیں۔سجیت پاٹکر کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ سنجے راوت کی دو بیٹیوں پوروَشی اور ودھیتا کے ساتھ ان کی وائن کمپنی میگ پائی ڈی ایف ایس پرائیویٹ لمیٹڈ میں گزشتہ 16 سالوں سے شراکت دار ہیں۔ جانکاری کے مطابق پاٹکر کی بیوی اور سنجے راوت کی بیوی نے مشترکہ طور سے علی باغ میں زمین خریدی ہے۔ اس معاملے میں ای ڈی نے پروین راوت نام کے ایک ریئل اسٹیٹ کاروباری کو چہارشنبہ کے روز گرفتار کیا تھا۔