تاریخی مکہ مسجد میں تزئین نو و مرمتی کام ہنوز نا مکمل

   

کاموں کی تکمیل کے مقررہ وقت میں مختلف وجوہات سے بارہا توسیع
حیدرآباد۔12جولائی (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد میں جاری تزئین نو اور مرمت کے کاموں کو اب تک بھی مکمل نہیں کیاجاسکا ہے اور کہا جار ہاہے کہ ماہرین آثار قدیمہ کی عدم دستیابی کے سبب یہ کام اب تک بھی زیر التواء ہیں۔ریاستی حکومت کی جانب سے تاریخی مکہ مسجد کی تزئین نو اور مرمت کے کاموں کی تکمیل کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ فراہم کی گئی مدت میں توسیع کی جاتی رہی ہے لیکن مقررہ مدت میں 5 سال کے بعد بھی ان کاموں کو مکمل نہیں کیا جاسکا ہے۔ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کی انجام دہی کے سلسلہ میں بجٹ کی اجرائی ایک اہم مسئلہ بنا ہوا تھا لیکن بجٹ کی اجرائی کے اعلانات کے باوجود بھی ان کاموں کی عدم تکمیل کے متعلق تحقیق پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ماہرین آثار قدیمہ کی عدم موجودگی کے سبب ان کاموں کو مکمل نہیں کیا جاسکا ہے ۔ذرائع کے مطابق مکہ مسجد کی تزئین نو اور مرمت کے کاموں کے سلسلہ میں اب ریاستی محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے آغاخان ڈیولپمنٹل نیٹ ورک سے مذاکرات کے آغاز کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں آغاخان نیٹ ورک کے ذمہ داروں سے ایک نشست بھی منعقد کی جاچکی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ اب تک مکہ مسجد میں جو کام انجام دیئے گئے ہیں ان کاموں کے معیار کے متعلق آغا خان نیٹ ورک کے ذمہ داروں نے کئی سوال اٹھائے ہیں جس کی وجہ سے ان کی نگرانی میں اب کاموں کے ازسر نو آغاز کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود نے آغاخان نیٹ ورک جو کہ آثار قدیمہ کے تحفظ اور تزئین نو کے کاموں میں مہارت رکھتا ہے اس تنظیم کے حوالہ مکہ مسجد کے بقایا کاموں کو حوالہ کرنے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو رپورٹ روانہ کردی ہے جبکہ سابق میں ممبئی سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی کو یہ کام حوالہ کئے گئے تھے اور کئی برسوں تک اس کمپنی کی جانب سے مرمت و تزئین نو کے کام انجام دیئے جا تے رہے اور اس مدت کے دوران متعدد ماہرین آثار قدیمہ نے کمپنی کے طرز کارکردگی پر سوالات اٹھائے لیکن انہیں نظرانداز کیا جاتا رہا اور اب یہ کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت مکہ مسجد کے کاموں کو آغاخان نیٹ ورک کے حوالہ کرنے کے لئے آمادہ ہوچکی ہے جو کہ مسجد کے اندرونی حصہ میں قدیم طرز کے برقی نظام کو بحال کرنے کے اقدامات کرے گی۔م