ترجمہ نگاروں اور مواد کی کمی ایک رکاوٹ

   

نئی دہلی،27نومبر(سیاست ڈاٹ کام)حکومت نے آج کہا کہ وہ ملک کے سبھی مقابلہ جاتی امتحانات کو ملک کی سبھی زبانوں میں کرانے کے لئے کوشاں ہیں لیکن مستند مواد اور اچھے ترجمہ نگاروںکی کمی اس سمت میں ایک بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے جسے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔عملے ،شکایت عامہ اور پنشن کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے لوک سبھا میں وقفہ سوال میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ مودی حکومت جب سے اقتدار میں آئے تب سے 1968کے راج بھاشا قانون کو نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ان پانچ برسوں میں ہندی اور دیگر علاقائی زبانوں کا استعمال بہت بڑھا ہے ۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ یقیناً آٹھویں فہرست میں درج سبھی زبانوں میں سرکاری مقابلہ جاتی امتحانات منعقد کئے جائیں لیکن اس کے لئے مواد بھی اعلی سطحی ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اس سطح کے مترجموں کی کمی ہے جس سے اعلی سطحی مواد مہیا نہیں ہے ۔حکومت کوشش کررہی ہے کہ یہ کمی دور ہو اور زیادہ سے زیادہ مستند مواد مہیا ہوسکے ۔