مسلسل بارش کی وجہ سے طلب کے مطابق ترکاری مارکٹس نہیں پہونچ رہی ہے
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں پانچ دن سے ہونے والی بارش کے پیش نظر ترکاریوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کھیتوں میں پانی جمع ہوگیا ہے ۔ جس سے ترکاری کاٹنے اور اس کو شہر منتقل کرنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے علاوہ پڑوسی ریاستوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ وہاں سے کی مارکٹس کو سربراہ ہونے والی ترکاری میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں جس سے قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ابھی تک ہول سیل اور ریٹل تاجرین کے پاس موجود ترکاری فروخت کی گئی ہے ۔ پیر سے ان کے پاس بھی اسٹاک ختم ہوگیا ہے ۔ مارکٹنگ محکمہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ اضلاع سے شہر ترکاری نہیں پہونچ رہی ہے۔ جس کی وجہ سے ترکاری کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ اس کے علاوہ طلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے بھی تاجرین نے قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے ۔ عام دنوں میں ٹماٹر 20 روپئے فی کیلو دستیاب ہوتا تھا اب اس کی قیمت بڑھ کر 40 روپئے ہوگئی ہے ۔ ہری مرچ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ اس کی قیمت 60 تا 80 روپئے فی کلو ہوگئی ہے ۔ بھینڈی کی قیمت 40 روپئے سے بڑھ کر 60 روپئے تک پہونچ چکی ہے ۔ بنیس کی پھلی کی قیمت 50 روپئے سے بڑھ کر 70 روپئے تک پہونچ چکی ہے ۔ بیگن 30 تا 50 روپئے فی کیلو فروخت ہورہا ہے ۔ اس طرح ہر ترکاری کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ مارکٹ میں طلب کے مطابق ترکاری سربراہ نہیں ہورہی ہے ۔ جس سے قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔۔ ن