شکریہ حیدرآباد۔ قونصل جنرل ترکیہ متعینہ حیدرآباد کا اظہار تشکر۔ سامان وصولی کی گنجائش نہیں
حیدرآباد۔11فروری(سیاست نیوز) شکریہ حیدرآباد۔ قونصل جنرل ترکیہ متعینہ حیدرآباد اورہان یلمان اوکان بے نے زلزلہ کے متاثرین کیلئے شہریان حیدرآباد کی فراخدلانہ امداد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ قونصل خانہ ترکیہ حیدرآباد پر اب مزید کوئی اشیاء بطور امداد قبول نہیں کی جائیں گی۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت ترکیہ کی اپیل پر شہریان حیدرآباد نے جو ردعمل ظاہر کیا ہے وہ ناقابل یقین اور قابل قدر ہے ۔ اورہان بے نے کہا کہ گذشتہ دو یوم کے دوران ترکیہ کے متاثرین کیلئے شہریان حیدرآباد نے جس انداز میں امداد کی ہے وہ قابل رشک ہے اور اب قونصل خانہ یا قونصل خانہ کے گوداموں میں جہاں اشیاء جمع کرکے روانہ کی جارہی تھیں کوئی سامان وصول کرنے کی گنجائش باقی نہیں رہی اسی لئے اب مزید کوئی اشیاء قونصل خانہ یا ائیر پورٹ پر روانہ کرنے کی زحمت نہ کریں ۔انہوں نے زلزلہ کے متاثرین کی مدد کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ اگر وہ متاثرین کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو ترکیہ سفارت خانہ کی جانب سے کھولے گئے کھاتہ میں رقم جمع کرواتے ہوئے ان کی مدد کا سلسلہ جاری رکھ سکتے ہیں جبکہ قونصل خانہ یا کسی اور مقام پر سامان‘ اشیاء اور ادویات کی وصولی کا عمل روک دیا گیا ہے۔ اورہان بے نے بتایا کہ شہریان حیدرآباد نے جس انداز میں ترکیہ کے مصیبت زدگان کے لئے اشیاء پہنچانے میں دلچسپی دکھائی ہے وہ لائق صد احترام ہے لیکن اب وصولی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اسی لئے اب جو کوئی امداد وصول کی جائے گی وہ بذریعہ بینک کھاتہ وصول کی جائے گی اور وہ بھی راست ترکیہ سفارتخانہ کی جانب سے شروع کئے گئے بینک کھاتہ میں بھی وصول کی جائیں گی۔جو مخیر حضرات اپنے تعاون و عطیات روانہ کرنا چاہتے ہیں وہ RBL بینک کے ترکیہ ایمبسی کے کھاتہ میں روانہ کرسکتے ہیں ۔