گاندھی بھون میں منعقدہ ستیہ گرہ سے انقلابی شاعر غدر کا خطاب ، کانگریس قائدین عوام میں شعور بیدار کریں
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : انقلابی شاعر غدر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں سونیا گاندھی کا رول ناقابل فراموش ہے ۔ کانگریس کے قائدین دیہاتوں کو پہونچکر سونیا گاندھی کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کریں ۔ سونیا گاندھی کو ای ڈی میں طلبی کے خلاف کانگریس کی جانب سے گاندھی بھون میں منعقدہ ستیہ گرہ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کی صحت ناساز ہے ۔ اس کی پرواہ کئے بغیر ای ڈی عہدیداروں کی جانب سے انہیں طلب کر کے ہراساں و پریشان کیا جارہا ہے ۔ جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ کانگریس قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ صرف حیدرآباد یا ضلع ہیڈکوارٹرس پر احتجاجی دھرنے منظم کرنے کے بجائے تلنگانہ کے گاؤں گاؤں کا دورہ کرتے ہوئے سونیا گاندھی کو جو ہراساں کیا جارہا ہے اس کی عوام میں شعور بیداری کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے درمیان پہونچنے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے ۔ پارلیمانی جمہوری نظام میں اپوزیشن کا کلیدی رول ہوتا ہے ۔ تاہم حکمران طبقہ اپوزیشن جماعتوں کو مختلف طریقوں سے ہراساں و پریشان کرتے ہوئے ان کے منھ بند کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ کانگریس کے قائدین گاوں گاوں پہونچکر گاندھی خاندان کو جو ہراساں کیا جارہا ہے اس کی تشہیر کریں ۔۔ ن