طلبہ کی جسمانی حرارت کی جانچ ، جسمانی فاصلہ اور جراثیم کش ادویات کی سہولت لازمی شرط ممکن
حیدرآباد۔13مئی (سیاست نیوز) تعلیمی اداروں کی سرگرمیوں کے احیاء کے لئے نئے شرائط کے لزوم کے سلسلہ میں کی جانے والی منصوبہ بندی میں اسکول انتظامیہ کے لئے یہ لازمی قرار دیا جائے گا کہ وہ اپنے اسکولی طلبہ کی جسمانی حرارت سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے چیک کرنے کے آلات کے علاوہ اسکولوں میں جراثیم کش ادویات کے علاوہ صفائی کے انتظامات معیاری بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔مرکزی حکومت کی جانب سے موصول ہونے والی ہدایات اور احکامات کے پیش نظر ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولوں کے لئے شرائط و رہنمایانہ خطوط تیار کئے جا رہے ہیںا ورکہا جار ہاہے کہ اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کے ماہرین کے علاوہ محکمہ صحت کے عہدیداروں سے تجاویز حاصل کی جا رہی ہیں ۔ذرائع کے مطابق سفارشات کی تیاری کرنے والی کمیٹی کی جانب سے ابتدائی طورپر اسکولوں کے احاطہ میں داخل ہونے والوں کے لئے لازمی ہوگا کہ وہ اپنے جسمانی درجہ حرارت کی جانچ کروائیں اور اسکی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی کہ وہ احاطہ میں داخل ہونے والوں کی انفراریڈ تھرمامیٹر گن کے ذریعہ جانچ کو یقینی بنائیں تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ اس کے علاوہ اسکولوں کے لئے لازمی ہوگا کہ وہ اپنے احاطہ میں سوڈیم کلورائیڈ کے ذریعہ صفائی کو یقینی بنائیں اور صفائی عملہ کی حفاظت کے مکمل اقدامات کئے جائیں۔ شہر حیدرآباد میں موجود تمام اسکولوں اور کالجس کے علاوہ دیگر تعلیمی اداروں کے لئے جلد ہی یہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے جانے کا امکان ہے اور جن تعلیمی ادارو ںکی جانب سے ان امور کی پابندی کرنے کا تحریری حلف نامہ دیا جائے گا ان تعلیمی اداروں کو ہی لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے بعد سلسلہ تعلیم کا آغاز کرنے کی اجازت فراہم کی جائے گی۔