حیدرآباد۔/3 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) گذشتہ دس برسوں سے سیاسی سرگرمیوں اور قائدین اور کارکنوں کی آمدورفت کے مرکز تلنگانہ بھون میں آج صورتحال مختلف تھی۔ بی آر ایس ہیڈ کوارٹر میں پارٹی کی کامیابی کی توقع سے انتظامات کئے گئے تھے۔ قائدین اور کارکنوں کیلئے نتائج کا مشاہدہ کرنے نیا ٹینٹ لگایا گیا تھا اور کارکنوں نے آتشبازی اور باجہ کی تیاریاں مکمل کرلی تھیں لیکن صبح 8 بجے سے نتائج کا رجحان جیسے ہی کانگریس کے حق میں آنے لگا تلنگانہ بھون میں موجود قائدین اور کارکن روانہ ہوگئے اور عمارت سنسان دکھائی دے رہی تھی۔ آفس اسٹاف کے علاوہ کوئی اہم قائدین موجود نہیں تھے اور سیکوریٹی عملے کے علاوہ کوئی دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ جیسے جیسے نتائج کا اعلان ہونے لگا تلنگانہ بھون میں سناٹا بڑھتا گیا اور میڈیا کو بھی مایوسی ہوئی کیونکہ وہاں ردعمل ظاہر کرنے کوئی بھی دستیاب نہیں تھا۔