عہدیداروں کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد ۔15۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے علحدہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران استعفیٰ دینے والی سابق ڈی ایس پی نلنی کو دوبارہ پولیس میں تقرر کرنے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران نلنی نے ڈی ایس پی کے عہدہ سے استعفیٰ دیا تھا، انہیں دوبارہ پولیس میں ملازمت فراہم کرنے میں کیا رکاوٹ ہوگی۔ انہوں نے نلنی کو پولیس میں دوبارہ تقرر کرنے چیف سکریٹری شانتی کماری اور ڈی جی پی روی گپتا کو ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ پولیس کے قواعد کے مطابق کوئی رکاوٹ ہے تو کسی اور محکمہ میں نلنی کو روزگار فراہم کیا جائے۔ چیف منسٹر نے سکریٹریٹ میں پولیس رکروٹمنٹ بورڈ اور پولیس کے تقررات سے متعلق امور کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ ملازمت سے استعفیٰ دے کر انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے ناکام عہدیداروں میں کئی دوبارہ ملازمت سے رجوع ہوچکے ہیں۔ اسی طرح کا اصول تلنگانہ جدوجہد کے دوران استعفیٰ دینے والے عہدیدار کے ساتھ بھی ہونا چاہئے ۔