عازمین کیلئے سوٹ کیس کی تقسیم ، صدرنشین حج کمیٹی کی جانب سے کل آخری تربیتی کیمپ
حیدرآباد۔13۔ جون (سیاست نیوز) حج 2022 ء کے منتخب عازمین میں آج معیاری لگیج بیاگس (سوٹ کیس) کی تقسیم عمل میں آئی ۔ حیدرآباد اور اطراف کے اضلاع کے عازمین کے لئے تلنگانہ حج کمیٹی نے حج ہاؤز میں وی آئی پی کمپنی کے سوٹ کیس فراہم کرنے کا انتظام کیا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے لگیج بیاگس کی تقسیم کا افتتاح کیا۔ دو دن تک عازمین حج ہاؤز سے سوٹ کیس حاصل کرسکتے ہیں۔ ہر عازم کو مقررہ وزن کے مطابق دو سوٹ کیس حوالے کئے جارہے ہیں۔ اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ، رکن حج کمیٹی سید نظام الدین اور اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف اس موقع پر موجود تھے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ 18 جون سے حج کیمپ میں عازمین کی آمد کا آغاز ہوگا جبکہ 20 جون سے قافلوں کی پرواز شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انٹرنیشنل ایرپورٹ پر عازمین کیلئے خصوصی گوشہ الاٹ کیا گیا ہے جہاں وضو اور نماز کی سہولت موجود ہے۔ عنقریب ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا ۔ سعودی ایر لائینس کے ذریعہ تلنگانہ ، آندھراپردیش کے عازمین کے علاوہ مہاراشٹرا و ٹاملناڈو کے بعض علاقوں کے عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے ۔ پہلا قافلہ 20 جون کو روانہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چند برسوں کے وقفہ کے بعد عازمین سعودی ایر لائینس کے ذریعہ روانہ ہورہے ہیں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ کے عازمین جدہ روانہ ہوں گے جبکہ واپسی مدینہ منورہ سے عمل میں آئے گی۔ صدرنشین حج کمیٹی کی حیثیت سے محمد سلیم نے 15 جون کو ریڈ روز فنکشن ہال نامپلی میں عازمین حج کے لئے آخری تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا ہے۔ کیمپ میں علماء و مشائخین کے علاوہ اہم عہدیداروںکو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال مکہ مکرمہ میں عمارتوں کے انہدام کے نتیجہ میں رباط میں قیام کی سہولت نہیں رہے گی۔ آئندہ سال رباط کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جدہ میں متعین ہندوستانی کونسل جنرل نے عازمین کے لئے عزیزیہ میں بہتر سہولتوں کے ساتھ عمارتیں حاصل کرنے کی اطلاع دی ہے۔ حج کمیٹی کی جانب سے کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جو عازمین کی واپسی تک 24 گھنٹے کارکرد رہے گا۔ر