لندن کے ماہرین کی رپورٹ تیار ، 50کروڑ روپیوں کی اجرائی کی درخواست
حیدرآباد۔24جنوری(سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی قدیم عمارت اور باغ عامہ میں موجود جوبلی ہال کی عمارت جہاں فی الحال تلنگانہ قانون ساز کونسل قائم ہے دونوں کی تزئین و آہک پاشی کے اقدامات کو منظوری دے چکی ہے اورحکومت کی جانب سے محکمہ عمارات و شوارع نے تزئین نو اور آہک پاشی کے سلسلہ میں تخمینہ لگاتے ہوئے رپورٹ حکومت کو پیش کردی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ لندن کے ماہرین تہذیبی ورثہ کی نگرانی میں تیار کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں عمارتوں سے کسی بھی طرح کی چھیڑ چھاڑ کے بغیر انہیں محفوظ بنانے کے اقدامات کئے جانے ہیں اور ان دونوں عمارتوں کی آہک پاشی اور ان کے تحفظ کے سلسلہ میں محکمہ عمارات و شوارع کے ذمہ داروں نے لندن کے ماہرین کے ساتھ ان عمارتوں کا دورہ کرتے ہوئے ان کی صورتحال سے آگہی حاصل کی ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جوبلی ہال کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور جوبلی ہال میں موجود تلنگانہ قانون ساز کونسل کو آندھراپردیش قانون ساز کونسل کی عمارت یا پھر اسمبلی میں موجود اسمبلی کی قدیم عمارت میں منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی حکومت کے اس منصوبہ کے بعد محکمہ عمارات و شوارع نے اس سلسلہ میں سروے اور دونوں عمارتوں میں لائی گئی تبدیلیوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں ان کی پرانی حالت میں واپس لانے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ عمارت و شوارع نے ان دونوں عمارتوں کی تزئین نو اور اسمبلی کی قدیم عمارت کے اطراف و اکناف کئے جانے والے کاموں کے سلسلہ میں جو تخمینہ لگایا ہے اس کے مطابق آراینڈ بی کے عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت کو روانہ کی گئی رپورٹ میں درخواست کی گئی ہے کہ ان کاموں کے آغاز کے لئے فوری طور پر 50کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں لائی جائے تاکہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کی موجودہ عمارت (جوبلی ہال) اور تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی قدیم عمارت جہاں دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوتا ہے ان کے کاموں کا فوری طور پر آغاز کیا جاسکے۔ذرائع کے مطابق محکمہ آراینڈ بی کے عہدیداروں نے واضح کیا ہے کہ دونوں عمارتوں کی تزئین نو کے کاموں کے سلسلہ میں احکام جاری کئے جانے کے باوجود اسمبلی کے بجٹ اجلاس پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا کیونکہ ٹنڈر کی وصولی اور کاموں کی حوالگی کے سلسلہ میں اقدامات کے آغاز تک بجٹ سیشن مکمل ہوجائے گا۔3