اسٹیڈلر ریل کمپنی سے معاہدہ، ڈاؤس میں کے ٹی راما راؤ کی ایک اہم کامیابی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے
حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر تلنگانہ میں بھاری سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے میں کامیاب رہے ہیں اورکئی بین الاقوامی اداروں سے معاہدے کی تکمیل ہوئی ہے۔ اسی تسلسل کے تحت تلنگانہ میں ریل کوچ مینو فیکچرنگ یونٹ کے قیام کیلئے اسٹیڈلر ریل Stadler Rail سے یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے ہیں۔ ریل کوچ مینوفیکچرنگ یونٹ ریاستی حکومت کے اشتراک سے قائم کیا جائے گا۔ ڈاؤس میں کے ٹی راما راؤ نے اسٹیڈلر ریل کمپنی کے ایگزیکیٹو وائس پریسیڈنٹ اینڈ سیلس و مارکیٹنگ انسگر براک میئر سے ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ کے پرنسپال سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن بھی موجود تھے۔ مشترکہ پراجکٹ کے تحت دو برسوں میں تقریباً 1000 کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ریلوے مینو فیکچرنگ یونٹ کے قیام سے 2500 سے زائد مقامی افراد کو روزگار حاصل ہوگا۔ اسٹیڈلر ریل کے انسگر براک میئر نے کہا کہ یہ یونٹ کمپنی کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ ہم ہندوستان میں اپنی سرگرمیوں کو وسیع کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے علاقہ میں مزید تجارتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ ریلوے کوچ یونٹ کے قیام کے بعد نہ صرف ہندوستان بلکہ دیگر ممالک کو بھی ریلوے کوچ سربراہ کئے جائیں گے۔