40 لاکھ سے زائد رکنیت سازی ریکارڈ، ٹی آر ایس حکومت نے عوام کو مایوس کیا
حیدرآباد۔10۔ جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ آئندہ 11 ماہ بعد تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت ہوگی اور آئندہ موسم گرما میں اسمبلی انتخابات یقینی ہے۔ ریونت ریڈی آج پرگی میں پارٹی کی ڈیجیٹل ممبرشپ سے متعلق کارڈس کی اجرائی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکن پارٹی کیلئے ہمیشہ ایک طاقت کی طرح رہے ہیں اور بنیادی سطح تک عوام سے رجوع ہوکر آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے پاس سوائے اعلانات اور وعدوں کے کچھ نہیں ہے ۔ گزشتہ 8 برسوں میں ٹی آر ایس نے عوام کو مایوس کیا ہے۔ اجلاس کی صدارت صدر ضلع کانگریس رام موہن نے کی جبکہ سینئر قائدین نریندر ریڈی ، وینو گوپال اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔ ریونت ریڈی نے رکنیت سازی مہم میں حصہ لینے والے کارکنوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملک میں تلنگانہ نے ڈیجیٹل ممبرشپ کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے دیگر ریاستوں میں ڈیجیٹل ممبرشپ کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 42 لاکھ ممبرشپ کی تکمیل کرتے ہوئے کارکنوں نے غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ۔ 60 دن میں ریکارڈ تعداد میں 30 لاکھ ڈیجیٹل ممبرشپ مکمل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے بعد تلنگانہ میں سماج کے ہر طبقہ کی خوشحالی کا آغاز ہوگا۔ر