مرکز نے ٹاپ 10 ریاستوں کی فہرست جاری کی، مہاراشٹرا سرِفہرست‘ تلنگانہ کو ساتواں مقام
حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) ملک میں کورونا وباء کی صورتحال نے لاکھوں افراد کو روزگار سے محروم کردیا۔ ملک میں پہلے سے بے روزگاری ایک اہم مسئلہ ہے اور گذشتہ دو برسوں میں بے روزگاری کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ مرکز کی جانب سے اگرچہ روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے لیکن بعض ریاستوں نے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے نئے صنعتی اداروں کے قیام کے ذریعہ روزگار کے مواقع پیدا کئے ہیں۔ پارلیمنٹ میں حکومت کی جانب سے نئے اسٹارٹ اَپس اور روزگار کے بارے میں جن 10 ریاستوں کے اعداد و شمار پیش کئے گئے ہیں ان میں تلنگانہ ساتویں نمبر پر ہے۔ 2016 سے ریاست میں اسٹارٹ اَپس کے قیام کا آغاز ہوا اور ہر سال نئے اداروں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا جس کے نتیجہ میں غیر سرکاری شعبہ جات میں روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ وزارت کامرس کی جانب سے جن ٹاپ 10 ریاستوں کی تفصیلات جاری کی گئیں ان میں مہاراشٹرا سرِ فہرست ہے جبکہ کرناٹک اور دہلی علی الترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ اُتر پردیش کو چوتھا، گجرات پانچواں اور ہریانہ کو چھٹواں مقام حاصل ہوا۔ مرکزی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق تلنگانہ میں 3875 اسٹارٹ اَپس کا آغاز ہوا جس کے تحت 44649 روزگار کے مواقع فراہم ہوئے ہیں۔ 2016 میں اسٹارٹ اَپ کے پہلے سال 20 ادارے قائم کئے گئے جبکہ 2017 میں 312 ، 2018 میں 501 ، 2019 میں 596 ، 2020 میں 802 ، 2021 میں 957 اور 2022 میں تاحال 657 نئے ادارے قائم ہوئے ہیں۔ مہاراشٹرا میں اس مدت کے دوران 13519 اسٹارٹ اَپس کے ذریعہ 146132 روزگار فراہم کئے گئے۔ کرناٹک میں 8881 اسٹارٹ اَپس کے ذریعہ 103541 جبکہ دہلی میں 8636 اداروں کے ذریعہ روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے۔ بی جے پی زیر اقتدار اُتر پردیش، گجرات اور ہریانہ ریاستیں ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ ان ریاستوں میں علی الترتیب 67694 ، 51193 اور 48843 روزگار فراہم کئے گئے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں حال ہی میں بین الاقوامی سہولتوں کے ساتھ ٹی ہب سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا افتتاح چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کیا۔ گزشتہ پانچ برسوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے حصول کیلئے تلنگانہ حکومت کی مساعی غیر معمولی کامیاب رہی ہے۔ ریاست کے 3 اسٹارٹ اَپ کو 2020 میں قومی ایوارڈ حاصل ہوچکا ہے۔ر