تلنگانہ میں 80039 جائیدادوں پر راست تقررات، عنقریب نوٹیفکیشن : کے سی آر

,

   

11103کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات باقاعدہ بنانے کا فیصلہ، عمر کی حد میں 10 سال کی رعایت، سالانہ سرکاری خزانہ پر 7300 کروڑ کا بوجھ، ہر سال جاب کیلنڈر کی اجرائی

وزارت داخلہ میں 18000 اور اقلیتی بہبود میں 1825 جائیدادوں پر تقررات
حیدرآباد میں سب سے زیادہ 5268 جائیدادیں جبکہ ونپرتی میں صرف 556 جائیدادوں کی نشاندہی

حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے بے روزگار نوجوانوں کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 80039 سرکاری جائیدادوں پر راست تقررات کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ 11103 کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا اعلان کیا گیا۔ اس طرح ریاست میں جملہ 91142 جائیدادوں پر تقررات عمل میں آئیں گے۔ جس کیلئے عنقریب نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اس فیصلہ سے سرکاری خزانہ پر سالانہ 7300 کروڑ کا اضافی بوجھ عائد ہوگا۔ چیف منسٹر نے آج قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی تقررات کا اعلان کیا۔ 2014 میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے بے روزگار نوجوان تقررات کے انتظار میں تھے۔ چیف منسٹر نے تقررات کیلئے عمر کی حد میں 10 سال رعایت دینے کا اعلان کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ امیدواروں کو تقررات کا اہل بنایا جاسکے۔ پولیس اور دیگر یونیفارم سرویسس کے ماسواء تمام سرکاری محکمہ جات میں او سی (OC) طبقات کیلئے عمر کی حد 44 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات کیلئے 49 سال ، جسمانی معذورین کیلئے 54 اور ایکس سرویس مین امیدواروں کیلئے عمر کی حد 47 سال مقرر کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے نئی ریاست کی تشکیل کے بعد سے تقررات کی تفصیلات سے ایوان کو واقف کرایا اور کہا کہ تاحال 156254 جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جن میں سے 133942 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے
باقی 22312 جائیدادوں پر تقررات کا عمل جاری ہے۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں آئندہ سے کنٹراکٹ بنیادوں پر کوئی تقررات نہیں ہوں گے۔ حکومت نے پالیسی فیصلہ کے تحت ہر سال تمام محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی اور نوٹیفکیشن کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری اور تمام سرکاری محکمہ جات کے سکریٹریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنے محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں کی پوزیشن سے باقاعدگی کے ساتھ واقف کرائیں۔ ہر سال ریکروٹمنٹ کیلنڈر جاری کیا جائے گا۔ تمام محکمہ جات متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسیوں کو نوٹیفکیشن کی اجرائی کی اجازت دیں گے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ مناسب وقفہ کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے تاکہ مختلف امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو سہولت ہو۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت موافق ملازمین ہے۔ تلنگانہ حکومت کو بڑی تعداد میں کنٹراکٹ ملازمین ورثے میں ملے ہیں جو متحدہ آندھرا پردیش کی دین ہے۔ سرکاری اداروں اور حکومت کے تحت اس قدر بڑی تعداد میں
کنٹراکٹ ملازمین کا ہونا ٹھیک نہیں ہے لہذا ہم مرحلہ وار انداز میں انہیں باقاعدہ بنارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کے سرکاری ملازمین ملک میں دیگر سرکاری ملازمین کے مقابلہ میں زیادہ تنخواہ حاصل کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر نے شیڈول 9 اور 10 کے تحت اداروں کے زیر التواء مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم جدید قانون میں شامل اداروں میں ترجیحی بنیادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پانی، وسائل اور روزگار کے نام پر جدوجہد کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میں آئی اور ریاست میں یکے بعد دیگرے مسائل حل کئے جارہے ہیں۔ بڑے آبپاشی پراجکٹس کے نتیجہ میں ریاست کی ہر زرعی اراضی کو سیراب کرنے کے اقدامات کئے گئے۔ مشن بھگیرتا کے تحت ہر گھر کو صاف پینے کا پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت آمدنی میں اضافہ کو ترقیاتی اقدامات پر خرچ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ جات میں تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی اور فی کس آمدنی کے معاملہ میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے بہتر ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مخلوعہ جائیدادوں پر بروقت تقررات کو یقینی بنانے کیلئے ہر سال ریکروٹمنٹ جاب کیلنڈر جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2 جون 2014 کو تلنگانہ میں برسر خدمت کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ر