تلنگانہ میں ایس ایس امتحانات کا پرامن آغاز

   

مراکز پر سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی، مراکز کے روبرو والدین و سرپرستوں کا ہجوم
حیدرآباد۔23۔ مئی (سیاست نیوز) ریاست میں آج ایس ایس سی امتحانات کا آغاز ہوا۔ 2861 امتحانی مراکز پر 509275 امیدوار امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں جن میں ریگولر امیدوار 508110 ہیں جبکہ پرائیوٹ امیدواروں کی تعداد 1165 ہے۔ امتحان کے آج پہلے دن کسی بھی علاقہ سے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی اور پولیس کی نگرانی میں امتحانی مراکز کے اطراف سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ طلبہ صبح 8.30 بجے سے ہی امتحانی مراکز پہنچنا شروع ہوگئے اور حکام نے ضروری تلاشی کے بعد امتحان حال میں داخلہ کی اجازت دی ۔ امتحان حال میں سوائے ہال ٹکٹ کے کوئی بھی کاغذ لے جانے کی اجازت نہیں تھی ۔ امتحان کا وقت صبح 9.30 بجے سے 12.45 بجے تھا۔ والدین اور سرپرستوں کو امتحانی مراکز کے باہر بچوں کے انتظار میں دیکھا گیا۔ حکومت کی جانب سے امتحانی مراکز پر پینے پانی اور او آر ایس کے پیاکٹس سربراہ کئے گئے تھے۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے بتایا کہ پرامن امتحانات کو یقینی بنانے کیلئے 140 فلائینگ اسکواڈس کی خدمات حاصل کی گئیں۔ پہلے دن فرسٹ لینگویج کا امتحان تھا۔ دو سال کے وقفہ کے بعد ایس ایس امتحان منعقد ہوا۔ 2020 ء دو امتحانات کے بعد تمام امتحانات کو کورونا وباء کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا ۔ 2021 ء میں کورونا وباء کے دوسری لہر کے سبب امتحانات نہیں ہوئے۔ حکومت نے نقل نویسی اور امتحانی پرچوں کے افشاء کو روکنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے ہیں۔ آر ٹی سی کی جانب سے طلبہ کیلئے مفت بس سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔ امتحانی مراکز پر کووڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے ۔ کئی مراکز پر طلبہ کو ماسک کے بغیر امتحان ہال میں دیکھا گیا۔ ر