(لوک سبھا الیکشن کی تیاریاں)
کانگریس کا6 مارچ کو محبوب نگر میں جلسہ عام، کے سی آر 12 مارچ کو کریم نگر میں خطاب کریں گے
حیدرآباد۔/3 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس، بی آر ایس اور بی جے پی نے الیکشن شیڈول کی اجرائی سے قبل ہی لوک سبھا کی انتخابی مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں پارٹیاں 10 سے زائد نشستوں پر کامیابی کے نشانہ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔ بی جے پی کی انتخابی مہم کا کل 4 مارچ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ سے آغاز ہوگا۔ وزیر اعظم 4 اور 5 مارچ کو عادل آباد اور سنگاریڈی میں مختلف ترقیاتی پروگراموں کے سنگ بنیاد کے بعد عام جلسوں سے خطاب کریں گے جبکہ کانگریس کی انتخابی مہم کا 6 مارچ کو محبوب نگر سے آغاز ہوگا۔ بی آر ایس سربراہ کے سی آر 12 مارچ کو کریم نگر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جو پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز ہوسکتا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے دو روزہ دورہ کے سلسلہ میں بی جے پی نے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی ہیں۔ عادل آباد اور سنگاریڈی میں عام جلسوں میں 2 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ دیگر لوک سبھا حلقوں میں پارٹی کو فائدہ ہو۔ وزیر اعظم کی جانب سے مسلسل دو دن کے دورہ سے اس بات کا اندازہ ہوتا ہے کہ بی جے پی جنوبی ہند کی ریاستوں پر کس طرح توجہ مبذول کررہی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے مارچ کے تیسرے ہفتہ میں شیڈول کی اجرائی کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ شیڈول کی اجرائی کے بعد تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ دوسری طرف چیف منسٹر ریونت ریڈی 6 مارچ کو محبوب نگر لوک سبھا حلقہ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اے آئی سی سی سکریٹری اور سابق رکن اسمبلی ومشی چند ریڈی کو کانگریس نے امیدوار بنایا ہے۔ ’ پالمور پرجا دیونا سبھا ‘ کے عنوان سے اس جلسہ میں متحدہ محبوب نگر ضلع کے ساتھ سابق بی آر ایس حکومت کی ناانصافیوں کو عوام میں پیش کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی اپنے ضلع سے انتخابی مہم کے آغاز کا منصوبہ رکھتے تھے لیکن قائدین کے اصرار پر انہوں نے محبوب نگر کا انتخاب کیا۔ ہر لوک سبھا میں ایک جلسہ عام کا منصوبہ ہے۔ اسی دوران بی آر ایس نے 12 مارچ کو کریم نگر میں جلسہ عام کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ سابق چیف منسٹر اور بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج کریم نگر ضلع کے قائدین کے ساتھ ملاقات کی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسمبلی چناؤ کے نتائج کے بعد کے سی آر کا یہ دوسرا عوامی جلسہ ہوگا۔ گذشتہ ماہ نلگنڈہ میں انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔ الیکشن شیڈول کی اجرائی سے قبل تینوں پارٹیاں زائد نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کررہی ہیں۔1