تلنگانہ میں دو سال کے دوران پولیس حراست میں 48 افراد کی موت

   

انکاونٹر میں 7 افراد کی ہلاکت ، مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کا پارلیمنٹ میں بیان
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں دو سال کے دوران 48 افراد کی پولیس حراست میں موت واقع ہوئی ہے اور دو برسوں کے دوران پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والو ںکی تعداد 7ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نتیانند رائے نے لوک سبھا میں اٹھائے گئے سوال کے جواب کے دوران یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ سال 2020 سے 2022کے دوران ریاست تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے پولیس حراست میں ہونے والی اموات کی تعداد 48ریکارڈ کی گئی ہے ۔ انہو ںنے تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2020-21کے دوران تلنگانہ پولیس کی حراست میں 23افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ 2021-22 کے دوران تلنگانہ میں 25افراد کی موت پولیس حراست میں واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سال 2020-21کے دوران 5افراد کے انکاؤنٹر کی تفصیلات موجود ہیں جبکہ سال 2021-22 کے دوران ریاست میں 2 افراد کو انکاؤنٹر میں ہلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے ملک کی مختلف ریاستوں کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پولیس تحویل میں اموات کے معاملہ میں ریاست اترپردیش سرفہرست ہے جہاں 2020-21 کے دوران 451 افراد کی پولیس حراست میں موت واقع ہوئی ہے جبکہ سال 2021-22 کے دوران 501 افراد کی پولیس تحویل کے دوران موت واقع ہوئی ہے۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نتیانند رائے کے مطابق پولیس انکاؤنٹرس میں ہونے والی ہلاکتوں کے معاملہ میں ریاست چھتیس گڑھ سرفہرست ہے جہاں سال 2020-21کے دوران جملہ 50افراد کو انکاؤنٹر کے دوران ہلاک کیا گیا ہے جبکہ سال 2021-22کے دوران چھتیس گڑھ میں 48 افراد انکاؤنٹر میں ہلاک ہوئے ہیں۔ پڑوسی تلگو ریاست میں پولیس تحویل کے دوران سال 2020-21کے دوران 50 اموات واقع ہوئی ہیں اور سال 2021-22 کے دوران 48 افراد کی موت پولیس تحویل میں واقع ہوئی ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے لوک سبھا میں پیش کئے گئے اعداد و شمار کے اعتبار سے ملک کی تمام ریاستوں میں گذشتہ دو برسوں کے دوران پولیس تحویل میں ہونے والی اموات اور انکاؤنٹر کے اعداد و شمار مرکزی مملکتی وزیر داخلہ نتیانند رائے نے تفصیل کے ساتھ لوک سبھا میں جاری مباث کے دوران پیش کئے ہیں۔م