آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی، رچہ بنڈہ پروگرام سے محمد علی شبیر کا خطاب
حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور سماج کے تمام طبقات کی بھلائی اور خوشحالی کا آغاز ہوگا۔ نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے وقت کانگریس نے اس امید کے ساتھ فیصلہ کیا کہ نئی ریاست میں سماج کا ہر طبقہ خوش رہے گا لیکن گزشتہ آٹھ برسوں میں صرف کے سی آر خاندان کی بھلائی ہوئی ہے۔ محمد علی شبیر کانگریس کے رچہ بنڈہ پروگرام کے تحت کاماریڈی کے بھکنور منڈل میں کسانوں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کئی مواضعات میں کسانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ورنگل ڈیکلریشن کی کاپی کسانوں کے حوالے کی جس میں کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد مختلف مراعات کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت اقتدار کے 30 دن میں فی کسان 2 لاکھ روپئے قرض کی معافی پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں کسان گیارنٹی اسکیم کے تحت کسانوں اور قولدار کسانوں کیلئے فی ایکر 15 ہزار روپئے امداد فراہم کی جائے گی۔ ضمانت روزگار اسکیم کے تحت رجسٹرڈ بے زمین زرعی مزدوروں کیلئے سالانہ 12 ہزار روپئے امداد فراہم کی جائے گی۔ کسانوں کی فصلوں کیلئے اقل ترین امدادی قیمت کو یقینی بنایا جائے گا اور فصلوں کی قیمتوں کا پہلے سے تعین کیا جائے گا۔ ہلدی بورڈ کے قیام کے علاوہ فصل کی بہتر قیمت کیلئے انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے دھرانی پورٹل میں اہم تبدیلیوں کا اشارہ دیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ رچہ بنڈہ پروگرام میں عوام کی جانب سے غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اور عوام ٹی آر ایس حکومت سے سخت ناراض ہیں۔ر