تلنگانہ میں قانون ساز کونسل کی 3 نشستوں کیلئے فہرست رائے دہندگان کی تیاری

   

ٹیچرس زمرہ کی 2 اور گریجویٹ زمرہ کی ایک نشست کیلئے یکم نومبر سے ناموں کی شمولیت
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ٹیچرس زمرہ کی 2 اور گریجویٹ زمرہ کی ایک ایم ایل سی نشست کے چناؤ کیلئے الیکشن کمیشن نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا شیڈول جاری کیا گیا۔ آئندہ سال 29 مارچ کو ایم ایل سی کی 3 نشستیں خالی ہورہی ہیں جن پر فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دینے کے بعد الیکشن شیڈول جاری کیا جائے گا۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے سرکولر جاری کیا گیا جس میں فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے گائیڈ لائنس دیئے گئے ہیں۔ قانون ساز کونسل میں میدک، نظام آباد، عادل آباد اور کریم نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ نشست کے رکن جیون ریڈی ( کانگریس ) کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے۔ ٹیچرس زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں میں کے رگھوتم ریڈی ( میدک، نظام آباد، عادل آباد، کریم نگر ) اے نرسی ریڈی ( ورنگل، کھمم ، نلگنڈہ ) کی میعاد بھی 29 مارچ کو ختم ہوگی۔ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے 30 ستمبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ یکم نومبر تک نام شامل کئے جاسکتے ہیں۔6 نومبر درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ رہے گی۔ 23 نومبر کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا اور 23 نومبر تا 9 ڈسمبر اعتراضات کی سماعت اور یکسوئی ہوگی جبکہ 30 ڈسمبر کو فہرست رائے دہندگان کی قطعی فہرست جاری کردی جائے گی۔1