تلنگانہ میں معاشی بحران کے سبب کسانوں کو امدادی رقم کی عدم اجرائی

   

اتم کمار ریڈی کا الزام، مرکزی فنڈز پر بیان بازی محض دکھاوا
حیدرآباد۔/5 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت کسانوں کو رعیتو بندھو فنڈز کی اجرائی میں تاخیر کررہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خریف سیزن کیلئے کسانوں کو رعیتو بندھو کی امدادی رقم فوری جاری کی جائے۔ رعیتو رچہ بنڈہ پروگرام کے 14 ویں دن سوریا پیٹ ضلع کے حضور نگر میں اتم کمار ریڈی نے مختلف گاوؤں کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بندھو اسکیم کی رقم عام طور پر جون میں ادا کردی جاتی ہے لیکن اس مرتبہ معاشی بحران کے سبب رقم جاری نہیں کی گئی۔ انہوں نے فنڈز کی اجرائی میں تاخیر کی وجوہات بیان کرنے حکومت سے مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ خریف سیزن عنقریب شروع ہوگا اور کسانوں کے پاس کاشت کیلئے سرمایہ کاری کی گنجائش نہیں ہے۔ حکومت کو کسی تاخیر کے بغیر رعیتو بندھو فنڈ جاری کرنا ہوگا بصورت دیگر کانگریس پارٹی ریاست گیر احتجاج منظم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فی ایکر 5 ہزار روپئے کی ادائیگی سے کسانوں کو بیج، کھاد اور دیگر ضروری اشیاء کے حصول میں مدد ملے گی۔ کسانوں کو خانگی فینانسرس سے بچانے کیلئے حکومت کو فنڈ جاری کرنا چاہیئے۔ اتم کمار ریڈی نے مرکزی فنڈ کے مسئلہ پر امیت شاہ، کشن ریڈی اور کے ٹی راما راؤ کے درمیان لفظی جنگ کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کی جارہی ہے۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس تلنگانہ کی ترقی میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو مرکزی فنڈز کے بارے میں وائیٹ پیپر جاری کرنا چاہیئے جبکہ امیت شاہ کو 2 لاکھ 52 ہزار کروڑ کی تفصیلات جاری کرنی چاہیئے۔ر