فیور ہاسپٹل کے خصوصی وارڈ میں شریک، محکمہ صحت کی چوکسی
حیدرآباد۔24جولائی(سیاست نیوز) فیور ہاسپٹل میں قائم کئے گئے منکی پاکس کے لئے مخصوص وارڈ میں پہلے مشتبہ مریض کو شریک کیا گیا ہے جس کا تعلق ضلع کاماریڈی سے ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ منکی پاکس کے پہلے مشتبہ مریض کی نشاندہی کے بعد ان کے خون کے معائنہ کے لئے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف وائرولوجی کو نمونے روانہ کردیئے گئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دو یوم میں نمونوں کی رپورٹ موصول ہوجائے گی لیکن بخار اور جسم پر خارش کی علامتوں کو دیکھتے ہوئے مریض کو فوری طور پر فیور ہاسپٹل کے مخصوص وارڈ میں شریک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کاماریڈی سے تعلق رکھنے والے اس مریض کو دواخانہ سے رجوع کئے جانے کے بعد محکمہ صحت کے عہدیداروں نے ڈاکٹرس سے مشاورت کے بعد شریک کرنے کا فیصلہ کیا اور مریض کی سفری تفصیلات حاصل کی گئی ۔ مریض کے متعلق محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ 20 یوم قبل مذکورہ شخص بیرون ملک دورہ سے واپس ہوا ہے اور واپسی کے چند یوم بعد بخار ‘ نزلہ اور اعضاء شکنی کا شکایات شروع ہوئی جس پر ابتدائی طبی امداد پہنچائی جاتی رہی لیکن جب جسم پر خارش کی علامتیں پائی جانے لگی تو مریض کو فیور ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا جہاں اس کے علاج و معالجہ کا آغاز کرتے ہوئے خون کے نمونے حاصل کئے گئے ہیں۔ ہاسپٹل کے ذرائع کے مطابق مریض کی حالت مستحکم ہے اس کے باوجود ڈاکٹرس مریض کے جسم پر رونما ہونے والے خارش کے نشانات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے منکی پاکس عالمی ہیلت ایمرجنسی کا مؤجب قرار دیئے جانے کے بعد ہندستان میں آج منکی پاکس کے چوتھے مریض کی توثیق ہوئی ہے جو کہ دہلی سے تعلق رکھنے والا ہے۔ اس سے قبل ریاست کیرالہ میں جملہ 3 مریضوں کی توثیق ہوئی تھی اور آندھراپردیش میں ایک مشتبہ مریض پایا گیا تھا جس کے معائنوں کے بعد نتائج منفی آئے تھے۔ تلنگانہ میں منکی پاکس کا پہلا مشتبہ مریض پائے جانے کے بعد محکمہ صحت کے عہدیداروں نے مزید چوکسی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ریاست میںمنکی پاکس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ پر قابو پانے کے لئے محکمہ مستعد رہے۔م