سی آئی آئی کی کانفرنس سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔21فروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ 2000 کروڑ کی لاگت سے ریاست میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے اقدامات کرے گی اور اس مقصد کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے روزگار سے مربوط کرنے والے کورس شروع کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج سی آئی آئی کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں شرکت کے دوران یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی کے سلسلہ میں ریاستی حکومت ہر اس کام کو جاری رکھے گی جو شہر کی ترقی کو یقینی بنانے والا ہے۔ اے ریونت ریڈی نے سابق چیف منسٹرس ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی ‘ این چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ کے چندر شیکھر راؤ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام وزرائے اعلیٰ کے دور میں شہر حیدرآباد کی ترقی ہوئی اور ان کے ترقیاتی منصوبوں کو حکومت کی جانب سے جاری رکھنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کی مجموعی ترقی کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس میں صرف عمارتوں کی تعمیر نہیں بلکہ شہریوں کی ترقی کو بھی شامل رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے 64 آئی ٹی آئی کو ترقی دینے کا فیصلہ کیاگیا اور ان آئی ٹی آئی مراکز کو اسکل ڈیولپمنٹ کے مراکز کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے ان مراکز کے ذریعہ تربیت حاصل کرنے والوں کو ڈگری کے سرٹیفیکیٹ بھی جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب انتخابات کا دور ختم ہوچکا ہے اور اب کوئی سیاست نہیں کی جا رہی ہے بلکہ حکومت اپنے کام میں منہمک ہے اور بغیر کسی اعتراض یا تنقید کے اپنے کاموں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کسی فرد یا جماعت کی نہیں ہے بلکہ حکومت ریاست کے ہر فرد کی حکومت ہے اور حکومت کو ریاست کی ترقی کے لئے تمام شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والوں کا تعاون درکار ہے۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ سابق میں بعض گروپس اور قائدین کی جانب سے یہ کہا جارہا تھا کہ آؤٹر رنگ روڈ کی ضرورت نہیں ہے لیکن اب آؤٹر رنگ روڈ نے شہر حیدرآباد کے عوام کے لئے کافی سہولتیں پیدا کردی ہیں اسی طرح بعض گوشوں کی جانب سے ریجنل رنگ روڈ پر اعتراض کیا گیا لیکن اب انہیں اس کا فائدہ سمجھ آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے اچھے کاموں کو ریاستی حکومت جاری رکھتے ہوئے ریاست کی ترقی کو یقینی بنائے گی۔3