راہول گاندھی کی سینئر قائدین سے مشاورت، ریونت ریڈی کا نام سرفہرست
حیدرآباد۔ تلنگانہ کیلئے پردیش کانگریس کمیٹی کے نئے صدر کے نام کا اعلان توقع ہے کہ جلد کردیا جائے گا۔ کانگریس ہائی کمان نے اس مسئلہ پر قائدین سے مشاورت مکمل کرلی ہے اور صرف اعلان باقی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق راہول گاندھی کی نئی دہلی واپسی تک نام کے اعلان کو روکا گیا تھا۔ تلنگانہ کے علاوہ مہاراشٹرا، مدھیہ پردیش و دیگر ریاستوں کیلئے نئے صدور کا اعلان باقی ہے۔ ذرائع کے مطابق راہول گاندھی نے دہلی واپسی کے بعد انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور، تنظیمی اُمور انچارج پی سی وینوگوپال اور انچارج اے آئی سی سی سکریٹریز سے مشاورت کی ۔ مشاورت مکمل کرکے ناموں کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ تلنگانہ کانگریس صدر کی حیثیت سے ایم پی ریونت ریڈی کا تقرر یقینی دکھائی دے رہا ہے کیونکہ ہائی کمان نے تلنگانہ کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر نوجوان قائد کو ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریونت کے نام پر اتفاق پیدا کرنے ہائی کمان کو وقت لگا۔ عہدہ کے دیگر دعویداروں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، سریدھر بابو ، سمپت کمار اور دیگر سے علحدہ مشاورت کرکے انہیں ریونت ریڈی کے نام پر راضی کرنے کی کوشش کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ وینکٹ ریڈی کو ورکنگ کمیٹی رکنیت اور پارٹی برسراقتدار آنے پر وزارت کا تیقن دیا گیا ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا ، وی ہنمنت راؤ، جگاریڈی اور بعض دیگر نے ریونت کی مخالفت کی تھی لیکن ہائی کمان کے موقف کو دیکھتے ہوئے خاموشی اختیار کرلی۔ مانکیم ٹیگور نے 160 سے زائد قائدین سے چار دن تک حیدرآباد میں مشاورت کی تھی جس میں اکثریت کی رائے ریونت ریڈی کے حق میں آئی ۔ 33 کے منجملہ 27 ضلع کانگریس صدور نے ریونت کی تائید کی۔ اکثریت کی رائے کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہائی کمان نے نئے صدر پردیش کانگریس کے نام کو قطعیت دے دی ہے۔ توقع ہے کہ اندرون دو یوم ہائی کمان مختلف ریاستوں کیلئے نئے صدور کے ناموں کا اعلان کردے گی۔