تلنگانہ میں کل مانسون کی پہلی بارش کا امکان ‘ ماہرین کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔9۔جون۔(سیاست نیوز) ریاست میں گرمی کے اب مزید صرف د ویوم باقی رہ گئے ہیں اور 11جون کو تلنگانہ میں مانسون کی پہلی بارش ریکارڈ کی جائیگی ۔ خانگی ماہرین موسمیات کی پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے ۔ شہر دمیں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے کم ہوچکا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ قومی محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق تلنگانہ میں 10جون کے بعد کسی بھی وقت مانسون سرگرم ہوسکتا ہے لیکن محکمہ موسمیات نے آج جو پیش قیاسی کی ہے اس میں کہا گیا ہے کہ 10جون کو مانسون مہاراشٹر ا میں داخل ہوگااور 10 جو ن سے مہاراشٹرا میں مانسون سرگرم ہوجائے گا۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق تلنگانہ میں مانسون کے دوران گذشتہ دو برسوں کی طرح طوفانی بارش اور سیلاب کی صورتحال کے امکانات موہوم ہیں اور جاریہ سال مانسون کی بارش کے دوران معمول کے مطابق بارش ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی اور شہر کے مضافاتی علاقوں اور حیدرآباد سکندرآباد میں رات کے وقت درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائیگی۔ خانگی ماہرین کے مطابق جون کے اواخر میں تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش کے امکانات ہیں لیکن سیلاب جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوگی بلکہ روایتی برسات کی طرح ہلکی اورتیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔