رینوکا چودھری، انیل یادو ‘روی چندرا شامل، آندھرا میں وائی ایس آر کانگریس کے تینوں امیدوار کامیاب
حیدرآباد۔/20فروری، ( سیاست نیوز) تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے راجیہ سبھا کیلئے 6 امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا ہے۔ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آج آخری دن تھا اور ریٹرننگ آفیسرس نے دونوں ریاستوں کے 6امیدواروں کے متفقہ انتخاب کا اعلان کرتے ہوئے امیدواروں کو سرٹیفکیٹس جاری کردیئے۔ تلنگانہ میں کانگریس کے رینوکا چودھری اور انیل کمار یادو جبکہ بی آر ایس کے وی روی چندرا کو بلامقابلہ منتخب قرار دیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے تینوں امیدوار وائی وی سبا ریڈی، جی بابو راؤ اور ایم رگھوناتھ ریڈی کے انتخاب کا اعلان کیا گیا۔ دونوں تلگو ریاستوں میں نشستوں کے مساوی امیدواروں کی موجودگی کے سبب رائے دہی کی نوبت نہیں آئی۔ دونوں ریاستوں میں جن 6 راجیہ سبھا ارکان کی میعاد 2 اپریل کو ختم ہورہی ہے ان میں جے سنتوش کمار، بی لنگیا یادو، وی روی چندرا (تمام بی آر ایس )، کے رویندر کمار ( تلگودیشم ) ، سی ایم رمیش ( بی جے پی) اور وی پربھاکر ریڈی ( وائی ایس آر کانگریس ) شامل ہیں۔ تلنگانہ اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس نے 2 اور بی آر ایس نے ایک امیدوار میدان میں اتارا تھا۔ کانگریس نے دونوں نئے امیدوار میدان میں اتارے جبکہ بی آر ایس نے صنعت کار روی چندرا کو دوسری مرتبہ راجیہ سبھا میں نمائندگی کا موقع دیا ہے۔ آندھرا پردیش میں تینوں نشستوں پر وائی ایس آر کانگریس امیدواروں کی کامیابی کے بعد راجیہ سبھا میں تلگودیشم کی نمائندگی ختم ہوچکی ہے۔ تقریباً 40 سال کے عرصہ کے بعد راجیہ سبھا میں تلگودیشم کا کوئی نمائندہ نہیں رے گا۔1