تلنگانہ کا کارڈن سرچ دہلی اور پنجاب تک پہنچ گیا

   

جرائم پر قابو پانے میں مدد، منشیات اور شراب کی منتقلی روکنے کے اقدامات

حیدرآباد۔/20جولائی، ( سیاست نیوز) جرائم پر قابو پانے کیلئے ’ فرینڈلی پولیسنگ‘ کے عنوان سے تلنگانہ پولیس نے کارڈن سرچ مہم کا آغاز کیا تاکہ عوام میں اعتماد بحال ہو اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جاسکے۔ حیدرآباد میں ابتداء میں کارڈن سرچ مہم پر اعتراضات کئے گئے تاہم پولیس نے مہم کے مقاصد کی تشہیر کرتے ہوئے عوامی تائید حاصل کرلی۔ حیدرآباد میں کارڈن سرچ کا آغاز ہوا لیکن بتدریج یہ مہم ہر ضلع میں وسعت اختیار کرچکی ہے۔ بھاری پولیس فورس کے ساتھ علاقوں کی ناکہ بندی کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی یا پھر مکینوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ مہم کے نتیجہ میں جرائم میں ملوث افراد کا پتہ چلانے میں مدد ملی اور مسروقہ گاڑیوں کو بازیاب کیا جاسکا۔ اضلاع میں بھی وقفہ وقفہ سے مشتبہ علاقوں میں کارڈن سرچ کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ کی یہ مہم اب اپنی مقبولیت کے نتیجہ میں دیگر ریاستوں تک پھیل چکی ہے۔ آندھرا پردیش، دہلی اور پنجاب پولیس نے کارڈن سرچ اختیار کرتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کی کوشش کی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس پنجاب نے بتایا کہ کارڈن سرچ کے نتیجہ میں عوام میں اعتماد بحال کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بھر پور تعاون سے یہ مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی دوستانہ ماحول میں ہر گھر سے متعلق تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں۔ پنجاب میں منشیات پر قابو پانے میں یہ مہم کارگر ثابت ہوئی ہے۔ پنجاب پولیس نے اپارٹمنٹس، کامپلکسوں میں یہ مہم جاری رکھی ہے اور اسے صرف غریب علاقوں تک محدود نہیں رکھا گیا۔ آندھرا پردیش پولیس نے غیر قانونی طور پر شراب کی منتقلی کو روکنے میں اس مہم کا استعمال کیا۔ دیہی علاقوں میں اس مہم سے مدد ملی ہے۔ دہلی پولیس نے سلم علاقوں میں اس مہم کو انجام دیا تاہم نتائج کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔ لال قلعہ کے اطراف کے علاقوں میں گھر گھر تلاشی مہم لی گئی۔ خاص طور پر یوم آزادی اور یوم جمہوریہ کے موقع پر یہ مہم چلائی جاتی ہے۔ دہلی پولیس سڑک پر گھومنے والے افراد کو روک کر ان کی تصاویر حاصل کررہی ہے تاکہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا پتہ چلایا جاسکے۔ر