تلنگانہ کے2 قافلے مکہ مکرمہ پہنچ گئے، عمرہ کی تکمیل

   

صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم کا حج مشن اور خادم الحجاج سے رابطہ، تیسرے قافلہ کی تیاریاں مکمل
حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کے دو قافلے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد وہ عبادتوں میں مصروف ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے عازمین حج کے بخیر و عافیت مکہ مکرمہ میں قیام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دو قافلوں کے ذریعہ 754 عازمین سعودی ایر لائنس کی خصوصی فلائیٹ سے مکہ مکرمہ پہنچے اور سب سے پہلے عمرہ ادا کیا۔ عازمین نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد احرام کھول دیا اور مختص کردہ عمارتوں میں قیام پذیر ہیں۔ نماز کے اوقات میں حرم لے جانے کیلئے خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے جس کے ذریعہ عازمین حرم پہنچ رہے ہیں۔ قافلوں کے ساتھ موجود خادم الحجاج اور انڈین حج مشن کے عہدیداروں سے محمد سلیم نے بات چیت کی اور تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے خادم الحجاج کو پابند کیا کہ وہ عازمین کی بہتر خدمت انجام دیں اور حج کمیٹی سے ربط میں رہیں۔ دو قافلوں میں تین خادم الحجاج مکہ مکرمہ پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے عازمین حج عبادتوں کے سلسلہ میں غیرمعمولی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ تر وقت حرم میں گذاررہے ہیں۔ کسی بھی دشواری کی صورت میں انڈین حج مشن کے والینٹرس اور عہدیدار موجود ہیں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ دو قافلوں میں حیدرآباد کے 472 ، رنگاریڈی 139 ، میڑچل 73 ، نلگنڈہ 44 ، میدک 18 ، سدی پیٹ 16 ، ونپرتی 11 ، بھونگیر 12 ، جنگاؤں اور سنگاریڈی سے 4 ، 4 ، ورنگل ( اربن ) 3 ، گدوال 2 اور ورنگل ( رورل ) کے ایک عازم شامل ہیں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ عازمین کی سہولت کیلئے حج کمیٹی میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو 24 گھنٹے کارکرد رہے گا۔ عازمین حج اور ان کے رشتہ دار کنٹرول روم سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ اسی دوران ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ کے مطابق عازمین حج کا تیسرا قافلہ 23 جون کی صبح 4 بجے راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایرپورٹ سے جدہ کیلئے پرواز کرے گا۔ اس قافلہ کو 22 جون کی شب حج ہاوز سے بسوں کے ذریعہ ایر پورٹ منتقل کیا جائے گا۔ تیسرے قافلہ کے عازمین کا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ مکمل ہوچکا ہے۔ر