تین دہے قبل بد حالی کا شکار بہار آج ترقی کے سفر پر گامزن : مودی

,

   

نتیش کمار کے دور اقتدار کی ستائش ۔ بہتر حکمرانی فراہم کرنے کا دعوی ۔ویشالی میں منعقدہ تقریب سے وزیر اعظم کا خطاب

حاجی پور، 21 نومبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ تین دہائی پہلے بہار بدحالی اور بدانتظامی کے دور سے گزر رہا تھا، لیکن این ڈی اے حکومت میں آج ریاست کی شناخت ترقی، سرمایہ کاری اور بہتر حکمرانی سے ہو رہی ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ جس بہار میں پہلے گھپلوں اور جرائم کی باتیں ہوتی تھیں، وہاں آج سرمایہ کاری کے اعداد و شمار اور مجرموں کے خلاف کارروائیوں کا ذکر ہو رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے آج ویشالی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہار کے ترقیاتی سفر میں سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے منتر کو بنیاد بنایا گیا ۔ جمہوریت کی طاقت کو عوامی فلاح و بہبود کا ذریعہ بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ایک سال مکمل ہوچکا ہے اور اس اہم تقریب کیلئے جمہوریت کی عظیم سرزمین ویشالی کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نے نتیش کمار کے دور اقتدار کی ستائش کرکے کہا کہ انہوں نے برسوں تک چیف منسٹر کی حیثیت سے بہار کی خدمت کی اور ریاست میں بہتر حکمرانی کا ایک نیا اعتماد پیدا کیا۔ مودی نے کہا کہ بہار میں گزشتہ ایک سال میں دو لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری معاہدے کیے گئے ہیں۔ کسانوں کے مفاد میں ہر کھیت تک آبپاشی کیلئے 12 گھنٹے بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس دوران 200 سے زائد نئے ڈگری کالج شروع کیے گئے ہیں اور طالبات کیلئے ماں سیتا مہیلا یونیورسٹی کے قیام کو منظوری دی گئی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بہار کی ترقیاتی فہرست اتنی طویل ہے کہ کسی ایک پلیٹ فارم سے اس کے تمام منصوبوں کا ذکر کرنا ممکن نہیں ہے ۔ ریاست کی ترقی کو یہاں آکر ہی محسوس کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ویشالی میں دریائے گنگا پر تعمیر کچا درگاہ ۔ بیدوپور چھ لین کیبل پل عوام کے نام وقف کیا گیا ہے ۔ سابق چیف منسٹر نتیش کمار کے اعزاز میں اس پل کا نام رکھا گیا ہے ۔

عوام نے سونا کم خریدا ‘ قیمت گھٹ گئی : مودی
لکھنو 21 نومبر ( ایجنسیز) وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی سونے کی قیمتوں میں کمی کو اپنی اپیل کا اثر قرار دیا ۔ انہوں نے لکھنو میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ چند ماہ قبل انہوں نے ملک کے عوام سے ایک سال تک سونا خریدنے سے گریز کی اپیل کی تھی ۔ مودی نے دعوی کیا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کی اپیل پر ملک کے عوام نے سونے کی خریداری میں کمی کردی تھی جس طرح ماضی میں لال بہادر شاستری کی اپیل پر کیا تھا ۔ مودی نے دعوی کیا کہ عوام نے سونا خریدنا کم کیا اور اب سونے کی قیمت گھٹ گئی ہے ۔