انجینئرنگ داخلوں کیلئے کم از کم مارکس کے قواعد دوبارہ متعارف
حیدرآباد ۔ 25 فبروری (سیاست نیوز) حکومت نے جاریہ سال بھی ایمسیٹ میں انٹر مارکس کے ویٹیج نظام کو منسوخ کردیا ہے۔ تاہم انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں کیلئے کم از کم مارکس کے قواعد کو برقرار رکھا ہے۔ کورونا کی وجہ سے گذشتہ تین سال سے ایمسیٹ میں انٹر مارکس کے ویٹیج نظام کو برخاست کیا گیا جس کو جاریہ سال بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب کورونا بحران کے دوران برخاست کردہ کم از کم مارکس کے قواعد کو دوبارہ متعارف کرایا ہے۔ ریاست میں انجینئرنگ، اگریکلچر، فارمیسی، نرسنگ کورسیس میں داخلوں کیلئے انعقاد کئے جانے والے ایمسیٹ امتحان کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ ہائیر ایجوکیشن کے صدرنشین لمبادری نے بتایا کہ انٹر مارکس ویٹیج کو منسوخ کیا گیا ہے۔ ایمسیٹ مارکس کی بنیاد پر ہی رینکس کا اعلان کرتے ہوئے داخلے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ کورسیس کے داخلوں کیلئے انٹر میں کم از کم مارکس حاصل کرنے کے قواعد کو دوبارہ متعارف کرایا گیا ہے جس کے مطابق جنرل طلبہ کو 45 فیصد اور محفوظ زمرہ کے طلبہ کو 40 فیصد مارکس حاصل کرنا لازمی ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ انٹر سال اول 70 فیصد نصاب اور سال دوم سے صدفیصد نصاب سے پرچہ سوالات تیار کئے جارہے ہیں۔ن