دیوبند۔ دیوبند کے معروف میڈیکل کالج جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے منگلور روڑکی روڑ پر کانوڑ لانے والے شیو بھگتوں کی خدمت کے لئے چار روزہ مفت میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے جو آئندہ 26 جولائی تک جاری رہے گا۔آج مفت میڈیکل کیمپ کا افتتاح محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے ریاستی وزیر کنور برجیش سنگھ کے بدست عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت کنور برجیش سنگھ نے جامعہ طبیہ کی جانب سے کانوڑیوں کے لئے چار روزہ مفت میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر انورسعید اور ایڈ منسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید کا شکریہ اد ا کرتے ہوئے انہیں اس نیک کام کے لئے مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ہندوستان کی قدیم روایت رہی ہے کہ ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہوئے ہمیشہ بلاتفریق مذہب وملت تعاون کے لئے پیش پیش رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کی آپسی بھائی چارہ کا نظارہ پیش کرتے ہیں یہی ہمارا اتحاد واتفاق ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ طبیہ دیوبند وقتاً فوقتاً اپنی مفت خدمات دیتا رہا ہے۔کنور برجیش سنگھ نے جامعہ طبیہ دیوبند اور ڈاکٹر انورسعید کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان میں خدمت خلق کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے۔ جس کا شاندار مظاہرہ انہوں نے کووڈ کی خطرناکی کے دوران بھی کیا اور اپنے یہاں کورنٹائن سینٹرقائم کرکے تمام کووڈ متاثرین کی جس فراخدلی کے ساتھ خدمات انجام دیں وہ ہم سب کے لئے مثال اور قابل تقلید ہے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ 19کے دوران جامعہ طبیہ دیوبند کی جانب سے شہر اور دیہی علاقوں میں گھر گھر جاکر مفت میڈیکل کیمپ لگاکر کووڈ 19کے سلسلہ میں لوگوں کو معلومات دی اور بہترین علاج مہیا کرایا گیا تھا۔انہوں نے کہا جامعہ طبیہ دیوبند ریاست اترپردیش میں ہی نہیں بلکہ ملک میں اپنی الگ پہچان رکھتا ہے۔