لندن : برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے یوکرین کے صدر ولادی میر زلنسکی کو، روس پر عائد پابندیوں کو مزید سخت کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔برطانیہ وزارت اعظمیٰ آفس 10 سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق جانسن نے زلنسکی کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی۔بیان کے مطابق مذاکرات میں زلنسکی نے، یوکرین کے لئے عملی اقدامات کے نتیجے میں روس پر پابندیوں اور یوکرین کے لئے جاری امداد پر، وزیر اعظم جانسن کا شکریہ ادا کیا ہے۔جانسن نے بھی زلنسکی کو یقین دہانی کروائی ہے کہ روس کو پس قدمی پر مجبور کرنے کے لئے عائد پابندیوں کو مزید سخت کیا جائے گا علاوہ ازیں انہوں نے زلنسکی کو برطانیہ کی طرف سے یوکرین کی فوجی امداد کے بارے میں بھی بریفنگ دی ہے۔بیان کے مطابق دونوں سربراہان نے کل روسی یونٹوں کے ماریوپول زچہ بچہ ہسپتال پر خوفناک حملے اور انسانی امداد راہداریوں میں فائر بندی سمجھوتے کی خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی ہے۔ موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم جانسن نے کہا ہے کہ یہ پوتن کی بین الاقوامی انسانی حقوق کی لااْبالانہ خلاف ورزی کا ایک اور ثبوت ہے۔