جدہ جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی کننور میں ہنگامی لینڈنگ

   

پرواز میں تکنیکی خرابی، پائلٹ کی چوکسی سے بڑا حادثہ ٹل گیا

کنور(کیرالہ)۔16؍جون ( ایجنسیز ) کیرالہ کے کنور بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جدہ جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز میں تکنیکی خرابی کے بعد ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ ٹیک آف کے فوراً بعد اس مسئلے کا پتہ چلا، جس کی وجہ سے طیارہ بحفاظت لینڈنگ سے پہلے ایک گھنٹہ تک چکر لگاتا رہا۔ پائلٹ کی بروقت چوکسی سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔یہ پرواز 150 مسافروں کے ساتھ صبح 7.30 بجے کننور سے روانہ ہوئی۔ راستے میں جیسے ہی طیارہ منگلورو کی فضائی حدود کے قریب پہنچا، پائلٹ نے تکنیکی خرابی محسوس کی اور مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے پرواز کو واپس کنور کی طرف موڑنے کا فوری فیصلہ کیا ۔پائلٹ نے ایئرپورٹ پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ ایک گھنٹے سے زائد چکر لگانے کے تجربے سے مسافروں میں خوف اورشدید بے چینی پھیل گئی۔ حکام نے تصدیق کی کہ طیارے میں سوار تمام 150 مسافر اور عملہ بحفاظت اتر گیا جہاں حکام اور مسافروںنے راحت کی سانس لی۔معائنے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ مسئلہ طیارے کے لینڈنگ گیئر میں تھا یا کسی اور تکنیکی جزو میں۔ایئر انڈیا ایکسپریس خلیجی ممالک اور کیرالہ کے درمیان چلنے والی بڑی ایئر لائنز میں سے ایک ہے۔