شہر میں حقہ سنٹر کا کلچر پھر عروج پر
راجندر نگر زون میں اسنوکر پارلر، گیم زون و دیگر ناموں سے رات بھر سرگرمیاں جاری
حیدرآباد ۔ 7 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں حقہ سنٹر کلچر پھر ایک مرتبہ زور پکڑنے لگا ہے ۔ سخت اقدامات اور پولیس کی چوکسی سے حیدرآباد میں حقہ مراکز عملاً بند ہوچکے تھے لیکن اب پولیس کی مبینہ مدد اور ان دیکھی پالیسی کے سبب دوبارہ زور پکڑنے کے الزامات عائد کئے جانے لگے ہیں ۔ بالخصوص راجندر نگر زون میں رات دیر گئے تک کاروباری سرگرمیاں عروج پر ہیں اور مخصوص علاقوں میں رات بھر رسٹورنٹس اور ہوٹلس کھلے رہتے ہیں ۔ اسنوکر پارلر ، گیم زون ، ریسٹورنٹ کے نام پر نئے نئے پرکشش مبارک ناموں کے ذریعہ کاروباری ادارے کھلے رہتے ہیں اور ان علاقوں میں نشہ بھی عام ہوتا جارہا ہے ۔ سائبرآباد سے حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کا حصہ بنے علاقوں میں پولیس کی موجودگی برائے نام ہوگئی ہے ۔ مہدی پٹنم مغل کا نالہ علاقہ سے آرام گھر چوراہے تک رات دیر گئے تک اسنوکر پارلرس اور حقہ سنٹر کا کاروبار زوروں سے جاری ہے اور پولیس کی کارروائی برائے نام ثابت ہورہی ہے ۔ کسی اعلیٰ عہدیدار کی جانب سے وضاحت پر مقامی پولیس پٹی کیس کا حوالہ دیتی ہے اور اپنی جانب سے کارروائی سے خود کو بری الذمہ قرار دے رہی ہے ۔ ان حقہ سنٹرس میں چند کی اجارہ داری ہے جنھیں پولیس کی مبینہ پشت پناہی حاصل ہے ۔ چند سنٹرس کو اجازت نہ ہونے اور امن و ضبط کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے بند کردیا گیا اور انھیں اجازت نہیں دی جاتی ہے جبکہ چند ایک جو پرکشش ناموں سے کاروبار کررہے ہیں اُنھیں پولیس کامبینہ طورپر بھرپور تعاون حاصل ہے ۔ ان مراکز میں غیراخلاقی سرگرمیوں اور غیرسماجی حرکتوں کی اطلاعات بھی ہیں ۔ لڑکے اور لڑکیوں کو داخلہ اور ان کیلئے مخصوص جگہ بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ مخرب اخلاق حرکتیں اور نشہ کھلے عام ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اور ایسے کئی واقعات کی پولیس خود شاہد ہے کہ گانجہ استعمال کرنے پر اعتراض کے سبب مکان کو جلادیا گیا ۔ کھلے عام غنڈہ گردی کے لئے عطاپور کا علاقہ سرخیوں میں تھا ۔ رات دیر گئے کاروباری اداروں کے کھلا رکھنے کو سابق میں پولیس کے اعلیٰ عہدیدار نے غیردرست قرار دیا تھا اور لاء اینڈ آرڈر کیلئے مسئلہ قرار دیا تھا ۔ شہر میں امن و ضبط کی صورتحال کی برقرار اور پرسکون ماحول کیلئے یہ ضروری ہے ۔ سابق ڈی جی پی مہندر ریڈی کے دور میں حقہ سنٹرس کے خلاف اقدامات اور پرسکون ماحول کی شہریان حیدرآباد یاد تازہ کررہے ہیں اور موجود عہدیداروں سے اس طرح کے موثر اقدامات کی اُمید کی جارہی ہے ۔ ع
کاچیگوڑہ کی دوکان پر ایچ فاسٹ ٹیم کا دھاوا
60 کیلو گوشت ضبط، شہر میں ملاوٹی اشیاء کے خلاف کارروائی جاری
حیدرآباد ۔ 7 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز)حیدرآباد میں ملاوٹی غذائی اشیاء کے خلاف جاری کارروائیوں میں ایچ ۔ فاسٹ ٹیم نے بڑی مقدار میں ناقص گوشت کو ضبط کرلیا ۔ ایچ ۔ فاسٹ کے عہدیداروں نے کاچی گوڑہ علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک دوکان پر دھاوا کیا جہاں تقریباً (60) کیلو گوشت کو رکھا گیا تھا ۔ پالتھین بیاگس میں محفوظ گوشت کی جانچ کی گئی اور اس گوشت کو ضبط کرلیا گیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایچ ۔ فاسٹ کے عہدیداروں نے گوشت کو دوبارہ استعمال کرنے کے خدشہ سے اس پر فینائیل ڈال دیا اور دوکان میں گندگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے دوکان کے مالک اکھیل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور اس پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔ ایچ ۔ فاسٹ اور ٹاسک فورس سکندرآباد نے دوکانداروں اور انسانی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو سخت نتائج کا انتباہ دیا ۔ ع
بدنام زمانہ مجرم راج کمار شرما گرفتار
حیدرآباد ۔ 7 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز)کاچی گوڑہ ریلوے پولیس نے بدنام زمانہ مجرم راج کمار شرما عرف یوراج شرما کو گرفتار کرلیا ۔ 2 اگسٹ کے دن اپو گوڑہ ریلوے اسٹیشن کے پلاٹ فام نمبر ایک پر ایک نامعلوم شخص کے قتل کی واردات پیش آئی تھی ۔ ریلوے پولیس اس کیس کو حل کرنے کیلئے قاتل کی تلاش میں تھی ۔ ایک کارروائی کے دوران 47 سالہ راج کمار شرما متوطن نیپال کو گرفتار کرلیا گیا جو شہر میں چائینز فاسٹ فوڈ سنٹر پر کام کرتا تھا ۔ ریلوے پولیس کے مطابق شرما 6 سال قبل حیدرآباد آیا تھا اور دبیرپورہ کے ایک فنکشن ہال میں کام کررہا تھا ۔ 2 اگست کو شرما اُس کے ساتھی گنیش کے ساتھ گیا اور اپوگوڑہ کے علاقہ میں شراب نوشی کی جس کے بعد وہ ایک بار پھر اپوگوڑہ ریلوے اسٹیشن کے علاقہ سے گذر رہا تھا کہ اجنبی سے اس کا جھگڑا ہوا اور اس نے اُس کا قتل کردیا ۔ ع
ٹرینی آئی پی ایس عہدیدار سے پوچھ تاچھ جاری
حیدرآباد ۔ 7 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز)خاتون ٹرینی آئی پی ایس عہدیداروں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزامات کا سامنا کررہے ٹرینی آئی پی ایس عہدیدار اُدے کرشنا ریڈی سے پولیس تحویل میں تفتیش جاری ہے ۔ ویمن سیفٹی وینگ عہدیداروں کے علاوہ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی سی سجنار نے خود ٹرینی آئی پی ایس سے تفتیش کی ۔ متاثرہ خاتون ٹرینی افیسر کو دی گئی دھمکیوں کے متعلق پوچھ تاچھ کی گئی اور اس ہتھیار کے تعلق سے بھی دریافت کیا گیا جس سے دھمکی دی گئی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اودے کرشنا ریڈی کے فون کے تعلق بھی تفتیش جاری ہے اور کمشنر پولیس نے خود تفتیش کی۔ اس کے علاوہ ٹرینی آئی پی ایس کے بھائی اور رشتہ دار سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے ۔ یاد رہے کہ گرفتار ٹرینی آئی پی ایس کو عدالت نے پولیس کی درخواست پر دو دن کی پولیس تحویل میں دیا ہے ۔ ع
رشتہ دار لڑکی کی عصمت ریزی، ملزم کو 10 سال قید
حیدرآباد ۔ 7 اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز)حیدرآباد کی خصوصی پاکسو عدالت نے فلم نگر پولیس کے مقدمہ میں فیصلہ سنایا اور ملزم 45 سالہ محمد محسن کو (10) سال قید کی سزاء سنائی گئی ۔ عدالت نے پولیس کی چارج شیٹ کے بعد اپنا فیصلہ سنایا اور (10) سال قید کے علاوہ 10 ہزار روپئے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔ سال 2019ء میں یہ واردات پیش آئی تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنی رشتہ دار (12) سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کی تھی اور اس کی عصمت ریزی کی ۔ چھوٹا مکان ہونے کے سبب شکایت گذار خاتون کے بچے محسن کے مکان میں سویا کرتے تھے جس کا ناجائز فائدہ ملزم نے اُٹھایا تھا جس کو پاکسو عدالت نے سزاء سنائی ہے ۔ ع