وارسا : پولینڈ نے جرمنی کی جانب سے میزائل شکن نظام کی تنصیب کی پیشکش کو یہ کہہ کر رد کر دیا ہے کہ اس نظام کی فوری ضرورت یوکرین کو زیادہ ہے تاہم جرمنی یوکرین کو یہ نظام مہیا کرنے میں تذبذب کا شکار ہے۔ پولینڈ میں حال ہی میں میزائل گرنے کے واقعہ کے تناظر میں جرمنی نے وارسا حکومت کو پولینڈ میں ایک انتہائی جدید دفاعی میزائل نظام نصب کر نے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم وارسا حکومت کی جانب سے یہ پیشکش مسترد کر دی گئی۔ یوکرین نے اس پولش موقف کا خیرمقدم کیا ہے تاہم برلن حکومت کا خیال ہے کہ اس دفاعی میزائل نظام کی یوکرین میں تنصیب مغربی دفاعی اتحاد ناٹو کی یوکرینی تنازعہ میں شمولیت کو بہت زیادہ بڑھا سکتی ہے۔ حال ہی میں روس کی جانب سے یوکرین کے توانائی کے انفراسٹرکچر پر ایک ساتھ میزائل حملے کیے گئے تھے، جس سے دارالحکومت سمیت لاکھوں یوکرینی شہریوں کے لیے بجلی اور پانی کی ترسیل معطل ہو گئی تھی۔ جرمن وزیردفاع کرسٹین لمبریشٹ نے تاہم زور دیا ہے کہ ناٹو دفاعی نظام کی اپنے علاقوں سیباہر تنصیب فقط اس صورت میں ممکن ہے، جب اس پر اتحاد کے تمام ارکان متفق ہوں۔ برلن میں صحافیوں سے بات چیت میں لمبریشٹ نے کہا، ہمارے لیے یہ اہم ہے کہ پولینڈ کا بھروسا اپنے ناٹو اتحادیوں پر قائم رہے کہ ہم سب ہر مشکل وقت میں ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ اسی لیے ہم نے پولینڈ کو یہ پیش کش کی کہ اس کی فضائی نگرانی کی جائے اور پیٹریاٹ نظام نصب کیا جائے۔