برلن: جرمنی میں حکومت کے خلاف سازش کرکے اقتدار کا تختہ الٹنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ ملک بھر میں چھاپا مار کارروائیوں میں دائیں بازو کی تنظیم سے وابستہ 25 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔وفاقی جرمن پولیس نے چہارشنبہ کے روز ملک میں دائیں بازو کے گروہ کے مشتبہ اراکین کو گرفتار کرنے کیلئے وسیع کریک ڈاؤن کیا۔ اس دوران مختلف شہروں سے 25 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ جرمن وزیر انصاف مارکو بوشمن کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، جن پر ریاستی اداروں پر مسلح حملے کی منصوبہ بندی کا شبہ ہے۔قبل ازیں جرمن وفاقی پراسیکیوشن ایجنسی اور وزیر انصاف نے کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشتبہ دہشت گرد نیٹ ورک رائش سٹیزنز موومنٹ کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت کے خلاف بغاوت کے الزام میں گرفتار ایک حاضر سروس فوجی اور فوج ہی کے کئی سابق اہل کاروں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔