حیدرآباد ۔ 18 جون (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی جانب سے اسٹریٹجک نالہ ڈیولپمنٹ پروگرام (SNDP) کے کاموں کو تیزی کے ساتھ انجام دیا جارہا ہے تاکہ ان کاموں کو بارش شروع ہونے سے قبل مکمل کیا جائے۔ ان کاموں کے بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے جی ایچ ایم سی کے تمام زونس سے کہا گیا ہیکہ ان کاموںکی انجام دہی کیلئے سینئر انجینئرس کو روانہ کیا جائے۔ بعض مقامات پر انہیں مقامی لوگوں سے مزاحمت کا سامنا ہوا جس کی وجہ روٹس اور ڈیزائنس میں تبدیلی کرنی پڑی جبکہ کام شروع ہوگیا۔ نالوں کے چند کام آئندہ ماہ مکمل ہونے کی توقع ہے۔ زونل کمشنرس اور چیف انجینئرس نے جولائی کے ختم تک 200 کروڑ روپئے لاگتی ان کاموں کو تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ان پراجکٹس کی فہرست حسب ذیل ہے۔ ناگی ریڈی چیرو (کاپرا چیرو)، سیلابی نالہ کے 41 کروڑ روپئے تخمینہ لاگت کے کام 30 جون تک مکمل کئے جائیں گے۔ فاکس ساگر کیمیکل نالہ (کولکالوا۔ کیمیکل نالہ) تخمینہ لاگت 95 کروڑ روپئے، 15 جولائی تک مکمل ہوں گے۔ پکیٹ نالہ ماڈرنائزیشن (کراچی بیکری کے پاس) (یکطرفہ) تخمینہ لاگت 10 کروڑ روپئے 30 جون تک کام کی تکمیل ہوگی۔ پرلا پانڈ (نیشنل ہائی وے 65) تخمینہ لاگت 15.58 کروڑ ، 15 جولائی تک کاموں کی تکمیل ہوگی۔ ایسوکاواگو (نکہ واگو)، تخمینہ لاگت تقریباً 5 کروڑ روپئے، 15 جولائی تک کاموں کی تکمیل ہوگی۔ مدوکلا کنٹہ (کوتہ چیرو)، تخمینہ لاگت 17.80 کروڑ روپئے 15 جولائی تک کاموں کی تکمیل ہوگی۔ اپاچیرو (ملگندچیرو) تخمینہ لاگت 8.54 کروڑ روپئے، 31 جولائی تک کاموں کی تکمیل ہوگی۔ باتھولا چیرو (اینجاپور نالہ)، تخمینہ لاگت 9.65 کروڑ روپئے، 30 جون تک تکمیل ہوگی۔ نیک نام پور نالہ (موسیٰ ندی)، تخمینہ لاگت 24 کروڑ روپئے، 31 جولائی تک کاموں کی تکمیل ہوگی۔ مانسون سیزن میں شہر میں پانی جمع ہونے اور سیلاب کی صورت میں جی ایچ ایم سی کی مانسون ایمرجنسی ٹیمس فوری اقدامات کریں گی۔ میئر گدوال وجئے لکشمی نے 168 ایمرجنسی مانسون ٹیمس تشکیل دی گئی ہیں جو جی ایچ ایم سی حدود میں جون اور اکٹوبر کے درمیان کام کریں گے۔ پانی جمع ہونے کی صورت میں لوگ جی ایچ ایم سی کنٹرول روم سے 040-21111111 یا ٹول فری نمبر ۔ 1912 پر ربط کرسکتے ہیں۔