جھیلوں میں ناجائز قبضوں کی شکایت کیلئے حیڈرا میں نیا ایپ متعارف

   

عثمان ساگر اور حمایت ساگر پر توجہ مرکوز
حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد اور اس کے اطراف جھیلوں اور تالابوں کے آبگیر علاقے میں غیرمجاز قبضوں کو روکنے کیلئے حیدرآباد ڈیزاسٹر ریلیف اینڈ اسیٹ پروٹیکشن ایجنسی ( حیڈرا ) نے نیا ایپ متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعہ غیر مجاز قبضوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہے اور عوام اس ایپ پر جھیلوں، تالابوں، سرکاری اراضیات اور پارکس پر قبضوں کے بارے میں شکایات درج کرسکتے ہیں۔ کمشنر حیڈرا اے وی رنگناتھ نے لیک پروٹیکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جس میں محکمہ جات آبپاشی، ریوینیو، نیشنل ریموٹ سینسنگ ایجنسی، تلنگانہ ریموٹ سینسنگ اپلیکیشن سنٹر اور سروے آف انڈیا کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کے اطراف کے ذخائرآب کے ایف ٹی ایل علاقوں اور بفر زون کی نشاندہی کی گئی۔ حکومت نے گذشتہ ماہ لیک پروٹیکشن کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ آوٹر رنگ روڈ کے تحت ذخائر آب کا تحفظ ہو جس میں عثمان ساگر اور حمایت ساگر شامل ہیں۔ رنگناتھ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اندرون 45 دن ذخائر آب پر ناجائز قبضوں کی تفصیلات اکٹھا کریں جس کے لئے عصری طریقہ کار کا استعمال کیا جائے۔ حمایت ساگر اور عثمان ساگر کے ایف ٹی ایل اور بفر زون کی نشاندہی کیلئے ریموٹ سیسنگ ایجنسی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔1