مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے نئی شرائط کے ساتھ منظوری
حیدرآباد۔4مئی (سیا ست نیوز) جی ایم آر انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی لیز کی مدت میں مزید 30سال کی توسیع کردی گئی اور شمس آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ اب 2068 تک جی ایم آر کمپنی کی نگرانی میں رہے گا اور اس ائیر پورٹ کے امور کے لئے جی ایم آر کمپنی ذمہ دار ہوگی۔ڈسمبر 2004میں کئے گئے معاہدہ کے مطابق ائیرپورٹ جو کہ خانگی عوامی شراکت داری کے تحت تعمیر کیا گیا تھا اپنے آپریشن کے آغاز سے 30 سال تک جی ایم آر کی نگرانی میں رہے گااور شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے پروازوں کا آغاز مارچ 2008 میں کیا گیاتھا ۔2008 میں پروازوں کے آغاز کے بعد سے 2038 تک ائیرپورٹ کے امور جی ایم آرکی نگرانی میں تھے لیکن اب اس میں مزید 30سال کی توسیع مرکزی وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے کردی گئی ہے اور اب یہ ائیر پورٹ 2068 تک جی ایم آر کی نگرانی میں رہے گا۔ابتداء میں سالانہ 1کروڑ 20لاکھ مسافرین کی آمد و رفت کی گنجائش کے ساتھ ائیرپورٹ کی خدمات کا آغاز کیاگیا تھا اور اب شمس آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ 3کروڑ10لاکھ مسافرین کو سالانہ خدمات فراہم کرنے کے موقف میں آچکا ہے اور ائیر پورٹ پر موجود سہولتوں کو دیکھتے ہوئے جی ایم آر کو کئی قومی و بین الاقوامی ایوارڈ حاصل ہونے لگے ہیں۔مرکزی وزارت شہری ہوا بازی نے لیز کی مدت میں توسیع کے سلسلہ میں نئی شرائط کا اطلاق کیا ہے جس کی تفصیلات کا ابھی منظر عام پر نہیں لائی گئی ہیں۔م