نئی دہلی : جی 20 سمٹ کے دوران دہلی میں انتہائی حفاظتی پروٹوکول کی اہمیت اور ضرورت سے پوری طرح اتفاق کرتے ہوئے کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرز (سی اے آئی ٹی) نے دہلی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ دارالحکومت کے کچھ حصوں میں بازار بند کر نے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے ۔سی اے آئی ٹی نے کہا کہ اس فیصلے پر ضرور غور کیا جانا چاہیے تاکہ پوری دنیا کو کوئی منفی پیغام نہ جائے ۔ دوسری طرف، سی اے آئی ٹی نے مرکزی وزیر تجارت پیوش گوئل اور مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو ایک خط بھیجا ہے جس میں تجویز کیا گیا ہے کہ جی-20 کانفرنس کے مقام پرگتی میدان کے ایک ہال میں تجارتی نمائش کا انعقاد کیا جائے جس میں ملک کی مختلف ریاستوں سے خصوصی مصنوعات کی نمائش کی جائے تاکہ بیرون ملک سے آنے والے لوگوں کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دور اندیشی، خود انحصار ہندستان اور میڈ ان انڈیا کے تحت گزشتہ نو برسوں میں تجارت اور معیشت میں ہندوستان کی طرف سے کی گئی ترقی سے روبرو کرایا جا سکے ۔ سی اے ٹی کے قومی صدر بی سی بھارتیہ اور قومی جنرل سکریٹری پروین کھنڈیلوال نے کہا کہ اس سے ملک کی برآمدی تجارت میں یقیناً بڑا اضافہ ہو سکتا ہے اور پوری دنیا کو خود انحصار ہندوستان کا ایک بڑا پیغام دیا جا سکتا ہے جس سے دنیا کی بڑی کمپنیوں کی ہندستان میں کارخانے لگانے کے لیے حوصلہ افزائی ہو گی۔