جے شاہ بلا مقابلہ دوسری مدت کیلئے آئی سی سی چیئرمین منتخب

   

دبئی۔16؍نومبر ( ایجنسیز )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جے شاہ کو دوسری مدت کیلئے چیئرمین منتخب کرلیا۔آئی سی سی بورڈ نے جے شاہ کی تقرری کی تصدیق کر دی، آئی سی سی کا کہنا ہے کہ جے شاہ بلامقابلہ دوسری مدت کیلئے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ آئی سی سی کے مطابق جے شاہ کی چیئرمین کیلئے تجویز بالی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں ڈائریکٹرز نے دی۔ اس فیصلے کے بعد جے شاہ مزید ایک مدت تک عالمی کرکٹ کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔جے شاہ نے 2024 میں آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی تھی۔ وہ اس عہدہ پر فائز ہونے والے کم عمر ترین شخص ہیں۔اپنی نئی میعاد کے دوران جے شاہ کی توجہ کرکٹ کو عالمی سطح پر مزید مقبول بنانے، شائقین کی تعداد میں اضافہ کرنے اور کھیل کے تجارتی مستقبل کو مستحکم کرنے پر مرکوز رہے گی۔واضح رہے کہ 2028 میں لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی بھی آئی سی سی کیلئے ایک اہم پیش رفت ہے۔ جے شاہ کی قیادت میں عالمی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور اس کے مستقبل کو مستحکم بنانے کی کوششیں جاری رہنے کی توقع ہے۔جے شاہ نے دوسری مرتبہ آئی سی سی چیئرمین منتخب ہونے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان پر اعتماد کرنے پر وہ آئی سی سی بورڈ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اس عہدہ کو اپنے لیے اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی قرار دیا۔جے شاہ نے کہا کہ کرکٹ اس وقت اپنی تاریخ کے اہم ترین اور دلچسپ دور میں داخل ہو رہی ہے۔ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کھیل کو نئے شائقین تک پہنچانے اور نوجوان نسل کو کرکٹ کی جانب راغب کرنے کا ایک غیر معمولی موقع فراہم کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی کی ذمہ داری صرف کامیاب ٹورنمنٹس کے انعقاد تک محدود نہیں ہے بلکہ کھیل کیلئے ایک مضبوط اور پائیدار مستقبل کی تعمیر بھی ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں شائقین، کھلاڑیوں، تجارتی شراکت داروں اور دیگر متعلقہ فریقین کے مفادات کو ترجیح دی جائے گی۔جے شاہ نے کہا کہ ان کی توجہ آئی سی سی کے عزائم کو عملی شکل دینے اور اب تک ہونے والی پیش رفت کو ایک دیرپا ورثہ بنانے پر مرکوز رہے گی تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس سے استفادہ کرسکیں۔