حاجی علی درگاہ کوبم سے اڑانے کی دھمکی

   

ممبئی:ممبئی میں واقع حاجی علی درگاہ کوبم سے اڑانے اور کئی الگ الگ دھمکیوں کے بعد شہرمیں ہائی الرٹ کردیاگیاہے ۔ مرکزی ایجنسیوں نے دہشت گردی کا خطرہ ظاہر کیا ہے جس کی وجہ سے سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ممبئی پولیس نے ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے بارے میں مرکزی ایجنسیوں کی انٹیلی جنس رپورٹ کے بعد پرہجوم علاقوں میں سیکورٹی بڑھا دی ہے ۔ شہر بھر میں مذہبی مقامات اور مصروف عوامی مقامات پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق افسران کو احتیاطی اقدام کے طور پر ان علاقوں میں فرضی مشقیں کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔حال ہی میں حاجی علی درگاہ کو اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔ڈپٹی کمشنر آف پولیس کو ان کے متعلقہ زون میں سیکورٹی کی کڑی نگرانی کرنے کا کام سونپا گیا ہے جبکہ عبادت گاہوں کو خاص طور پر چوکس رہنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دینے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ جمعہ کے روز ان احتیاطی اقدامات کے ایک حصے کے طور پر، دو مشہور مذہبی مقامات کے آس پاس ہجوم والی کرافورڈ مارکیٹ میں ایک فرضی مشق کی گئی۔ عہدیداروں نے واضح کیا کہ یہ اضافہ سیکورٹی آنے والے تہواروں کے سیزن کیلئے تیاریوں کا حصہ ہے۔