15 مارچ آن لائن درخواستوں کی آخری تاریخ، منتخب مَحرم کے ساتھ ادائیگی حج کی سہولت
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے مَحرم زمرہ کے تحت 500 نشستیں الاٹ کی ہیں۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا لیاقت علی آفاقی نے ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کرتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ ایسی خاتون امیدوار درخواستیں داخل کرسکتی ہیں جن کے مَحرم حج 2024 کیلئے منتخب ہوچکے ہیں۔ بعض معاملات میں پاسپورٹ کی عدم موجودگی اور دیگر وجوہات کے نتیجہ میں خاتون مَحرم درخواست گذار درخواستیں داخل نہیں کرسکتیں۔ بعض معاملات میں مرد حضرات حج 2024 کیلئے منتخب ہوچکے ہیں۔ مَحرم زمرہ میں خواتین درخواستیں داخل کرتے ہوئے اپنے منتخب مرد مَحرم کے ساتھ فریضہ حج کی ادائیگی کے مستحق ہوں گے۔ ایسی خواتین جنہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا یا کسی حج آرگنائزر کے ذریعہ سابق میں حج کی سعادت حاصل نہیں کی ہوں وہ اس زمرہ میں درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ آن لائن درخواستیں حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ https:// hajjcommittee.gov.in پر داخل کی جاسکتی ہیں اور 15 مارچ آخری تاریخ ہے۔ ہاتھ سے لکھی ہوئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ خاتون درخواست گذاروں کے پاس 31 جنوری 2025 تک کی اہلیت والا انٹر نیشنل پاسپورٹ ہونا چاہیئے۔ مرد درخواست گذار کے ساتھ اپنے مَحرم ہونے کو ثابت کرنے کیلئے ضروری دستاویزات اور پاسپورٹ کی کاپی داخل کرنی ہوگی۔1
کسی بھی کور میں پانچ سے زائد عازمین حج کی گنجائش نہیں ہوگی اور جس کور میں پانچ سے زائد عازمین ہیں اس میں خاتون مَحرم کو درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مَحرم زمرہ کے تحت درخواست گذاروں کا انتخاب ڈیجیٹل سلیکشن کے طریقہ کار سے کیا جائیگا۔ مَحرم زمرہ میں انتخاب کے بعد منتخب عازمین کو ضروری دستاویزات، پاسپورٹ اور رقم کی ادائیگی سے متعلق پے سلپ اور دیگر ضروری دستاویزات راست طور پر حج کمیٹی آف انڈیا کو روانہ کئے جائیں۔1