حج ٹرمنل سے عازمین حج کی روانگی کو یقینی بنانے وزیر داخلہ محمود علی متحرک

   

حج کمیٹی عہدیداروں کو معائنہ کی ہدایت، جی ایم آر سے عنقریب اجلاس ، رباط کیلئے نظام اوقاف کمیٹی سے ربط
حیدرآباد۔23۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے تلنگانہ کے عازمین حج کی روانگی کے سلسلہ میں خصوصی حج ٹرمنل کے انتظامات کو یقینی بنانے کی مساعی شروع کردی ہے ۔ جی ایم آر کمپنی جو گزشتہ برسوں میں عازمین حج کی روانگی اور واپسی کیلئے خصوصی حج ٹرمنل کا استعمال کرتی رہی ہے، اس مرتبہ کمپنی نے مین ٹرمنل سے روانگی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے گزشتہ دنوں عہدیداروں کے ہمراہ ٹرمنل کا دورہ کیا اور ناکافی سہولتوں کی نشاندہی کی تھی۔ روزنامہ سیاست میں حج ٹرمنل اور مکہ مکرمہ میں رباط کے انتظام سے متعلق رپورٹ کی اشاعت کے بعد وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ کو ہدایت دی کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے حج ٹرمنل کے موجودہ موقف کا جائزہ لیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ روزنامہ سیاست نے مین ٹرمنل سے روانگی کی صورت میں عازمین حج کیلئے جن دشواریوں کا اندیشہ ظاہر کیا ہے وہ فوری توجہ طلب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج ٹرمنل میں ضعیف العمر عازمین کیلئے جو سہولتیں فراہم کی جاتی رہیں ، وہ مین ٹرمنل میں ممکن نہیں ہے ۔ اس بارے میں وہ جی ایم آر حکام سے دورہ کے موقع پر توجہ دلاچکے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جاریہ سال بھی حج ٹرمنل سے ہی عازمین کی روانگی اور واپسی ممکن ہو۔ حج ٹرمنل کے استعمال سے عازمین حج کے رشتہ داروں کو بھی پارکنگ اور دیگر سہولتیں حاصل ہوسکتی ہیں جبکہ مین ٹرمنل میں ضعیف عازمین کو خود اپنا لگیج منتقل کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر جی ایم آر حکام کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے اس مسئلہ کا حل تلاش کیا جائے گا۔ دوسری طرف مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولت کیلئے نظام اوقاف کمیٹی کے عہدیداروں کو بات چیت کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے نظام اوقاف کمیٹی کے عہدیداروں سے بات چیت کے بعد اس سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کا فیصلہ کیا ۔ حکومت سعودی عرب سے رباط میں قیام کا پرمٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ وزیر داخلہ ناظر رباط حسین شریف سے بھی ربط پیدا کر رہے ہیں۔ر