حج ہاؤزبلڈنگ میں آتشزدگی، وقف بورڈکا ریکارڈ سیکشن محفوظ

   

اعلیٰ عہدیدارو ں کا معائنہ ، عمارت میں آتش فرو آلات کی تنصیب کے اقدامات

حیدرآباد۔13۔مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کا ریکارڈ سیکشن مکمل طور پر محفوظ ہے اور تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کے دفتر واقع چوتھی منزل حج ہاؤز میں لگی آگ سے تیسری منزل پر موجود وقف بورڈ کے ریکارڈ سیکشن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے آگ بجھانے کے عمل کی نگرانی اور آگ پر قابو پائے جانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے مشیر برائے اقلیتی امور عبدالقیوم خان‘ ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس‘ محترمہ کانتی ویزلی آئی اے ایس کے علاوہ چیف اکزیکیٹیوآفیسر سید خواجہ معین الدین کے ہمراہ چوتھی منزل کا جہاں آگ لگی تھی اس کے علاوہ وقف بورڈ کے ریکارڈ سیکشن کا معائنہ کیا۔ محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ حج ہاؤز کی عمارت کو آگ سے محفوظ بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور آتش فرو آلات کی تنصیب کے اقدامات کئے جائیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ عہدیداروں کے مطابق شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے لیکن تفصیلات تحقیقات کے بعد ہی منظر عام پر لائی جائیں گی۔ ریکارڈ سیکشن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے فوری طور پر تحصیلدار نامپلی مسٹر پرساد کو طلب کرتے ہوئے ریکارڈ سیکشن کو کھلواتے ہوئے صدرنشین نے عہدیداروں کے ہمراہ معائنہ کیا۔ ریکارڈ سیکشن سے متصل کمرہ میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے ریکارڈس جو زمین پر تھے انہیں اٹھاکر محفوظ کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس جو کہ ڈائریکٹر سیکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں نے دفتر میں پیش آئے حادثہ کے متعلق مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔