حفیظ پیٹ میں پینٹ کی دوکان میں آتشزدگی کوئی جانی نقصان نہیں

   

حیدرآباد ۔ 21 نومبر (سیاست نیوز) میاںپور کے علاقے حفیظ پیٹ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک پینٹ کی دکان میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ دو منزلوں تک پھیل گئی۔ عمارت میں لگی آگ اور آگ کے شعلوں کو دیکھ کر عوام خوفزدہ ہو گئے اور چیخ پکار کرتے ہوئے عمارت سے محفوظ انداز میں نکل گئے۔ اطلاع کے فوری بعد آتش فرو عملے نے مقامِ واردات پہنچ کر بڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا اور راحت کاری کا کام انجام دیا۔ پینٹ کی دکان میں آگ لگنے کے بعد بالائی منزل تک پھیل گئی اور دو منزلوں تک آگ نے تباہی مچائی، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس واقعہ سے نیو حفیظ پیٹ علاقے میں سنسنی پیدا ہو گئی تھی۔ آگ لگنے کی وجوہات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ پینٹ کی دکان میں موجود کیمیکلز کے سبب آگ نے فوری طور پر شدت اختیار کر لی تھی۔ پولیس مصروفِ تحقیقات ہے۔ع