حکومت تلنگانہ محکمہ برقی کو خانگیانے کے مخالف

   

ریاست میں بلاوقفہ برقی سربراہی، محبوب نگر میں اجلاس، ریاستی وزراء کا خطاب

محبوب نگر۔ تلنگانہ ریاست برقی کے شعبہ میں ترقی کی طرف مسلسل رواں دواں ہے۔ یہ وضاحت ریاستی وزیر برقی جگدیشور ریڈی نے مستقر محبوب نگر کے وائیٹ ہاوز کنونشن میں منعقدہ 1104 الیکٹریسٹی ایمپلائز یونین کے ریاستی سطح کے اجلاس میں کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں برقی اندازاً 1200 یونٹ اور ریاست تلنگانہ میں اندازاً 6.50 ہزارمیگا واٹ سے لیکر 16000 میگا واٹ کے علاوہ سولار برقی کے ذریعہ 70 میگا واٹ تا 4000 میگا واٹ پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں برقی مسائل کا ڈھیر تھا لیکن اب علحدہ تلنگانہ ریاست میں 24 گھنٹے برقی بلاوقفہ سربراہ کی جارہی ہے جبکہ دیگر ریاتیں ایسی مثال پیش نہیں کرسکیں۔2012-13 میں برقی قلت کی وجہ سے صنعتیں دیوالیہ ہوگئیں یہاں تک کہ کئی صنعتیں ریاست سے منتقل بھی ہوگئیں۔ تلنگانہ ریاست میں 50 ہزار صنعتیں قائم کرتے ہوئے 18 لاکھ نوجوانوں کو روزگار سے جوڑا گیا۔ انہوں نے ضلع محبوب نگر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ دیڑھ لاکھ مزدور نقل مقام کرتے تھے لیکن اب یہ حالات بدل چکے ہیں۔ انہوں نے برقی ملازمین کو تیقن دیا کہ وزیر اعلیٰ سے نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کروائے جائیں گے۔ ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد برقی ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا۔ برقی سیکٹر کو خانگیانے کے خلاف حکومت قدم اٹھاتے ہوئے ملازمتوں میں اضافہ کررہے ہیں۔ اجلاس سے 1104 یونین کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔